ملتان(سپیشل رپورٹر)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت کشمیریوں پر مظالم بند کرے تو مذاکرات کیلئے تیار ہیں، اندرونی دبائو کی وجہ سے بھارت کے رویہ میں کسی حد تک لچک آئی لیکن ہم کشمیر پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کریں گے ، مذاکرات کے علاوہ امن کے لئے اور کوئی راستہ نہیں،بھارت کے ساتھ مذاکرات کا مطلب یہ نہیں کہ کشمیر کا سودا کر دیا،حکومت کو جہانگیر ترین سے کوئی خطرہ نہیں ،تحریک انصاف کی ٹکٹ پر جو منتخب ہوئے ، وہ سب عمران خان کے پابند ہیں،جو آزاد حیثیت سے آئے تھے ،انہوں نے آ کر تحریک انصاف میں سر نڈر کیا،جہانگیر ترین کو اگر کچھ خدشات ہیں تو عمران خان کا دروازہ کھلا ہے ،17 شوگر ملوں کو نوٹس دیئے گئے ، اکیلے ترین کی مل کو نوٹس نہیں دیا گیا،وزیراعظم کا کسی کے لئے انتقامی کارروائی کا کوئی ارادہ نہیں،جماعت کی باتیں جماعتوں میں کی جاتی ہیں،کرپشن کا خاتمہ ہمارے منشور کا فلسفہ ہے ، عمران خان کا ایک نظریہ ہے جس پر وہ قائم ہیں،عدالتیں آزاد ہیں، اپنا موقف پیش کریں ،اگر وہ صاف ہیں تو بری ہوں گے ،اگر حکومت امن و امان کے لئے مریم نواز کو عدالتو ں میں لوگوں کو ساتھ لے جانے سے روکنے کی بات کرتی تو تحریک انصاف کے لوگوں کو عدالتوں میں ساتھ لے جانے کی اجازت کیسے دی جاسکتی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ملتان میں یوٹیلیٹی سٹور کارپوریشن رمضان ریلیف پیکیج کی افتتاحی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا شہباز شریف کا دعویٰ تھا جنوبی پنجاب میں 33فیصد فنڈز ترقیاتی منصوبو ں پر لگائے گئے ،ہم نے ریکارڈ چیک کیا تو پتہ چلا مجموعی طور پر 17فیصد فنڈز جنوبی پنجاب کی ترقی پر خرچ ہوئے ۔انہوں نے کہا ایک دہائی کے بعدروس کے ساتھ دو طرفہ تعلقات میں بہتری آئی ، عنقریب ایران جا رہا ہوں جہاں تاجکستان کے ہم منصب سے بھی ملاقات ہوگی۔ وزیر خارجہ سے پریس کانفرنس کے دوران جب بھارتی سوشل میڈیا کی جانب سے روس کے وزیر خارجہ کی پاکستان آمد کے موقع پر چھتری کی تصویر وائرل کرنے کا سوال کیا گیا تو شاہ محمود قریشی نے کہا یہ تصویر بھارت کی طرف سے وائرل کی گئی جبکہ میں پاکستان کے سوشل میڈیا کے نوجوانوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے بھارتی وزیر خارجہ اور روسی وزیر خارجہ کی پریس کانفرنس کی تصویر بھی وائرل کی جس میں بھارتی وزیر خارجہ کے چہرے کے مایوس کن تاثرات واضح تھے جب کہ میرے اورروسی وزیر خارجہ کے خوش گوار تاثرات و تعلقات بھی سوشل میڈیا پر واضح نظر آرہے تھے ۔علاوہ ازیں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اپنے جرمن ہم منصب ہیکو ماس کی دعوت پر آج 3 روزہ دورے پر جرمنی روانہ ہونگے ۔