ملتان (خصوصی رپورٹر؍ مانیٹرنگ ڈیسک )وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب پر پیشرفت کے لئے وزیراعظم جلد ہی اجلاس بلائیں گے جس میں جنوبی پنجاب کے تمام ارکان اسمبلی اور پارلیمنٹ کو بلایا جائے گا ۔عمر مارکیٹ میں سڑک کی تعمیر کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا جنوبی پنجاب صوبہ کا سیکرٹریٹ ملتان بنے یا بہاولپور ، اس پر اختلاف ہے ، اس کا فیصلہ عمران خان خود کریں گے ۔انہوں نے کہا عدالت نے ایک انڈرسٹینڈنگ کے تحت نواز شریف کو ملک سے باہر جانے دیا تھا کہ وہ اپنی صحت کے بارے میں عدالت کو آگاہ رکھیں گے لیکن ان کی جانب سے ایسا نہیں کیا گیا، ہم عدالت کو بتائیں گے اور جو فیصلہ عدالت کرے گی، اس کو قبول کریں گے ۔حکومت کے خاتمے کی خبروں سے متعلق شاہ محمود قریشی نے کہا مجھے پنجاب اور وفاق میں ان ہاؤس تبدیلی نظر نہیں آرہی، مسلم لیگ (ن) نے ایم کیو ایم سے ملاقات کی لیکن نتیجہ کچھ نہیں نکلا۔انہوں نے کہا مہنگائی کے طوفان کو بریک لگی ہے جو قوم کے لئے خوشخبری ہے ۔خواتین مارچ کے حوالے سے شاہ محمود قریشی نے کہا ہمارے مذہب نے خواتین کو سب سے زیادہ حقوق دیئے ہیں۔انہوں نے کہا امریکہ، طالبان امن معاہدے کے بعد قیدیوں کی رہائی کے معاملے پر پیش رفت ہو رہی ہے ،کچھ قوتیں ایسی ہیں جو اس معاہدے سے خوش نہیں ۔شاہ محمود قریشی نے کہا نریندر مودی کا یورپی پارلیمنٹ سے خطاب منسوخ کر کے اچھا فیصلہ کیا گیا۔انہوں نے کہا پوری امت مسلمہ دلی فسادات کی مذمت کر رہی ہے ، عالمی برادری بھارت میں مسلمانوں کے قتل عام کا نوٹس لے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا سعودی عرب کے اندرونی معاملات پر کوئی تبصرہ نہیں کروں گا۔