اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، 92 نیوز رپورٹ، این این آئی) اسلام آباد ہائیکورٹ نے نواز شریف کو اشتہاری قرار دینے کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا جس کے مطابق مسلسل عدم حاضری پر نواز شریف کو اشتہاری مجرم قرار دیا گیا، تحریری حکمنامہ میں کہا گیا کہ نواز شریف جان بوجھ کر عدالتی کارروائی کا حصہ نہیں بن رہے ، ضامنوں کے خلاف 514 کے تحت کارروائی عمل لائی جائیگی۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی نے تین صفحات پر مشتمل تحریری حکمنامہ جاری کر دیا۔تحریری حکمنامہ کے مطابق نواز شریف کیخلاف ضابطہ فوجداری کی دفعہ 87 کی کارروائی مکمل ہے ۔ مسلسل عدم حاضری پر نواز شریف کو اشتہاری مجرم قرار دیا گیا ۔عدالت کی جانب سے سابق وزیراعظم نوازشریف کو العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنس میں الگ الگ اشتہاری قرار دیتے ہوئے حکم نامے میں کہا گیا کہ نوازشریف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے گئے ، پھر اشتہار جاری کیا لیکن وہ عدالت میں پیش نہیں ہوئے ۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے نوازشریف کے ضامنوں کو ضمانتی رقم ضبط کرنے کیلئے 9دسمبر کے نوٹس بھی جاری کر دیئے ۔ ضامن راجہ رب نواز عباسی اور سخی محمد آئندہ سماعت پر پیش ہوں۔ تحریری حکمنامہ میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف جان بوجھ کر عدالتی کاروائی کا حصہ نہیں بن رہے ۔ ضامنوں کے خلاف 514 کے تحت کارروائی عمل لائے جائے گی۔