اسلام آباد، حسن ابدال،سوات، پشاور (سپیشل رپورٹر،نمائندہ 92نیوز،92 نیوزرپورٹ ، مانیٹرنگ ڈیسک ،نیوزایجنسیاں )وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے نواز شریف فوج کو آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کیخلاف بغاوت پر اکسا رہے ہیں، پہلے این آر او کی بڑی کوشش کی، وہ اور بیٹی دونوں چپ رہے ، لیکن وہ جانتا ہے عمران خان این آر او نہیں دینے والا، جب اسے یہ بات سمجھ آگئی تو اس نے باہر سے گیم شروع کردی، پاک فوج اور عدلیہ پر حملے شروع کردیے ، نواز شریف کی بیٹی بھی عورتوں کے احترام کا فائدہ اٹھا کر فوج کو نشانہ بنا رہی ہے ۔ اگر کو ئی اور ملک ہو تا تو یہ ابتک جیل میں ہوتی مگر ہم عورتوں کا احترام کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوات میں صحت سہولت کارڈ کا افتتاح کرنے کے بعد جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عمران خان کا کہناتھا ملک میں ڈرامہ ہورہا ہے اور سارے بڑے بڑے ڈاکو اکٹھے ہوگئے ہیں، آپ کے گھر میں کوئی ڈاکہ مار کر ساری چیزیں لوٹ لے تو گھر بچانے ، کھانے پینے ، علاج اور تعلیم کیلئے قرضے لینا پڑتے ہیں، جب مقروض گھر والا ڈاکوؤں کو پکڑ کر پیسہ واپس مانگتا ہے تو ڈاکو کہتے ہیں ہم قانون سے بالاتر ہیں، پیسہ واپس نہیں کریں گے ۔ نوازشریف نے آصف زرداری کو دو بار جیل میں ڈالا، نوازشریف پر کیس زرداری نے کیے ، آج دونوں اکٹھے ہو کر این آر او مانگ رہے ہیں، مشرف نے نوازشریف،آصف زرداری کو این آراو دیکر بڑا ظلم کیا۔نوازشریف گیدڑوں کی طرح باہر بیٹھ کر بات کر رہا ہے ۔ نواز شریف اداکاری کرکے لندن جاکر بیٹھ گیا، ہمیں اس پر ترس آگیا، عورتیں اس کی شکل دیکھ کر رونے لگتی ہیں، عدالتوں کو بھی ترس آگیا کہ عمران خان اسے باہر جانے دو، میں نے عدالتوں سے کہا کم از کم 7 ارب تو رکھ لو کیونکہ یہ پیسے کا پجاری ہے لیکن وہ چلا گیا اور باہر سے گیم شروع کردی، پاک فوج اور عدلیہ پر حملے شروع کردیے ، فوج سے کہہ رہا ہے اپنے آرمی چیف اور آئی ایس آئی چیف کو بدلو، یعنی فوج کو کہہ رہا ہے بغاوت کردو، یہ صرف اپنا پیسہ بچانے کیلئے لندن میں بیٹھ کر فوج کو آرمی چیف کیخلاف بغاوت کا کہہ رہا ہے ، اس سے بڑا ملک دشمن کون ہوسکتا ہے ۔ وزیراعظم نے کہا پاکستان میں کوئی اور چیز اتنی تیزی سے خوشحالی نہیں لا سکتی جو سیاحت کر سکتی ہے ۔ہم یکساں نظام تعلیم لا رہے ہیں، غریب آدمی کے بچے بھی ڈاکٹر، پروفیسر بن سکیں گے ۔ سول پروسیجر ایکٹ کے تحت کیسز کا فیصلہ ایک سال میں ہوگا۔نیا پاکستان ہاؤسنگ میں پہلی دفعہ ہو گا کہ حکومت ایسے گھر بنائے گی کہ غریب آدمی قسطوں میں گھر خرید سکتا ہے ۔ وزیراعظم نے سیاحتی مقام گبین جبہ کادورہ کیا اور سیاحوں کی سہولت کیلئے قائم ہٹس کابھی دورہ کیا ۔وزیر اعظم کو سیاحت کے فروغ کیلئے اقدامات پربریفنگ بھی دی گئی۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ سیاحتی مقامات کو مزید ترقی دینے اور وہاں موزوں معاشی سرگرمیاں شروع کرنے کیلئے بین الاقوامی معیار کے کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کیے جائیں۔وزیر اعظم نے کہا سیاحتی مقامات پر معاشی سرگرمیوں کا زیادہ فائدہ ان علاقوں کے رہائشیوں کو ملنا ضروری ہے ۔وزیراعظم نے حسن ابدال میں ریلوے سٹیشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا پاکستان کو ایسا ملک بنانا چاہتے ہیں جسے باہر سے قرضے نہ مانگنا پڑیں، معیشت تیزی سے ترقی کر رہی ہے ، ایم ایل ون کی صورت میں پاکستان میں پہلی دفعہ چین بڑی سرمایہ کاری کررہا ہے ،اس منصوبے سے ملکی معیشت کو بھی فائدہ اور کاروبار آسان ہو گا۔ ہم نے کوشش کی سکھ یاتریوں کو بہتر سہولتیں فراہم کی جائیں اور ان کیلئے آسانیاں پیدا کی جائیں اور پاکستان ایک ایسا ملک بنے جہاں باہر سے لوگ آئیں۔سیاحت کو فروغ دے لیں تو آئی ایم ایف سے قرضہ نہ مانگنا پڑے ۔ وفاقی وزیر شیخ رشید نے خطاب کرتے ہوئے کہا وزیر اعظم ڈاکوئوں ، لٹیروں اور چوروں سے چومکھی لڑ رہے ہیں۔ وزیر اعظم نے ملک کو معاشی مسائل سے نکالا ۔ مہنگائی اور بیروزگاری کا بھی خاتمہ کریں گے ۔قبل ازیں وزیر اعظم نے حسن ابدال میں اپ گریڈ کئے گئے ریلوے سٹیشن کا افتتاح کیا ۔ وزیر اعظم کو حسن ابدال ریلوے سٹیشن پر فراہم کی جانے والی مختلف سہولیات کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی۔