اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)پاک بحریہ نے اٹلی میں قائم 32 رکنی ٹرانس ریجنل میریٹائم نیٹ ورک (TRMN) میں شمولیت اختیار کر لی ہے ۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں تنظیم میں شمولیت کے لیے ' نوٹ آف ایکسیشن' پر باقاعدہ دستخط کئے ۔ جمہوریہ اٹلی کے سفیر اسٹیفنو پونتے کوروو بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ ٹرانس ریجنل میریٹائم نیٹ ورک رکن ممالک کے مابین ٹرانس ریجنل سطح پر بحری معلومات کے تبادلے میں سہولیات کی فراہمی کے لیے 2008 میں قائم کیا گیا۔ ٹرانس ریجنل میری ٹائم نیٹ ورک میں شمولیت سے پاک بحریہ کو میریٹائم سے متعلق معلوما ت تک رسائی حاصل ہوگی جو کراچی میں پاک بحریہ کے جوائنٹ میریٹائم انفارمیشن کوآرڈینیشن سینٹر پر موجود جامع بحری نظام کو فروغ دے گا۔ جوائنٹ میریٹائم انفارمیشن کوآرڈینیشن سینٹر 2013 میں اپنے آغاز سے ہی خطے میں بحری امور سے متعلق معلومات کا مرکزبن کر ابھر رہا ہے ۔ خطے میں بحری سیکورٹی کو مضبوط بنانے کے لیے فی الوقت جوائنٹ میریٹائم انفارمیشن کوآرڈینیشن سینٹر متعدد علاقائی اور ٹرانس ریجنل اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ یکجا ہے ۔ ٹرانس ریجنل میریٹائم نیٹ ورک میں پاک بحریہ کا شامل ہونا پاک بحریہ کی معاونت حکمت عملی کے ذریعے گہرے سمندر کی حفاظت کو یقینی بنانے کے عزم کی جانب ایک اہم قدم ہے ۔ ایسے کثیرالملکی انتظامات دنیا بھر میں سمندری ٹریفک کی روانی پر رکن ممالک کے مابین معلومات کے تبادلے میں اہم کردارادا کرتے ہیں۔