لاہور(خبرنگارخصوصی،وقائع نگار،ایجنسیاں ) وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے کہا ہے کہ عید پر انسدادکورونا حکمت عملی کامیاب رہی،چندماہ میں بڑے منصوبے شروع کرینگے ۔اپنے ٹویٹ میں انہوں نے لکھا کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ کے تحت اگلے چند ماہ میں پنجاب حکومت بڑے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھے گی۔وزیراعلیٰ نے اپنے ٹویٹ میں بتایا کہ’’نیا پاکستان ہاؤسنگ‘‘ کے تحت لاہور شہر میں تنخواہ دار طبقے کے لیے بڑا منصوبہ لایا جا رہا ہے ، ایل ڈی اے کا ایک ارب ڈالر سے زائد لاگت کا 35 ہزار اپارٹمنٹس کا پراجیکٹ جلد لانچ کر دیا جائے گا۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے عیدپر فول پروف سکیورٹی انتظامات اور کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد پر اظہار اطمینان کیا اور عید پر ڈیوٹی کرنے والے ڈاکٹروں، ہیلتھ پروفیشنلز انتظامی و پولیس افسران اور اہلکاروں کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ دوسروں کے آرام اور سکھ کیلئے اپنی خوشی قربان کرنے والے قابل ستائش ہیں۔ وزیر اعلی نے مزید کہاہے کہ عید پر پنجاب حکومت کی انسداد کورونا کی حکمت عملی کامیاب رہی ۔بروقت سمارٹ لاک ڈاؤن سے کورونا کا پھیلاؤ روکنے میں مدد ملی۔قبل ازیں پولیس شہدا کے دن پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ وطن عزیز پر اپنی قیمتی جانیں نچھاور کرنے والے پولیس شہداء قوم کے ہیرو ہیں۔ شہداء ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ ہیں ۔ہم پولیس شہداء کے لواحقین کے ساتھ تھے ، ہیں اور رہیں گے ۔دریں اثنا وزیراعلیٰ نے ایک اور اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت 9 اگست کو صوبہ بھر میں ٹائیگرز فورس ڈے بھرپور طریقے سے منائے گی۔اس دن پنجاب بھر میں شجر کاری مہم کے تحت لاکھوں پودے لگائے جائیں گے ۔ ٹائیگرز فورس ڈے کے موقع پر پنجاب کو سرسبزبنانے کے عزم کا اعادہ کیا جائے گا۔قبل ازیں وزیراعلیٰ اور گورنرپنجاب چودھری سرور نے نماز عیدگورنر ہاؤس میں ادا کی اور سماجی فاصلے برقرار رکھتے ہوئے ایک دوسرے کو عیدکی مبارکباد دی ۔وزیراعلیٰ اور گورنر نے لوگوں کوبھی مبارکباددی۔نماز عید کے بعد ملک کی ترقی ، خوشحالی و سا لمیت کیلئے دعا کی گئی ۔وزیراعلیٰ اورگورنرنے کشمیری عوام کی بھارتی ظلم و استبداد سے نجات اور غیر قانونی بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر کی آزادی کیلئے خصوصی دعا مانگی۔وزیراعلیٰ نے سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے قربانی بھی کی۔نماز عید کے بعد دونوں رہنماؤں میں خصوصی ملاقات بھی ہوئی جس میں عوامی تحفظ اور صفائی کے انتظامات کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔ملاقات میں کشمیریوں پر بھارتی مظالم کیخلاف 5اگست کو یوم استحصال منانے پر بھی گفتگو کی گئی ۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ صوبے کے عوام کی خدمت ہمارا مشن ہے ۔دریں اثنا گورنر سے آئی جی پنجاب اور دیگر نے بھی ملاقاتیں کیں جس میں اہم امورپرتبادلہ خیال کیا گیا۔ادھر عید کے دن وزیراعلیٰ نے لوکل گورنمنٹ بورڈکمپلیکس ساندہ کادورہ کیا اورصفائی انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے صوبائی مانیٹرنگ سیل کا معائنہ کیا۔وزیراعلیٰ نے اجلاس کی صدارت بھی کی ۔ویڈیو لنک پر مختلف شہروں کی انتظامیہ سے گفتگو کی اورصفائی کے انتظامات پر ضروری ہدایات دیں۔انہوں نے کہا کہ صفائی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور جہاں کہیں سے کوئی شکایت آئی، عملے کے خلاف تادیبی کارروائی ہوگی۔ہر قیمت پر شہر صاف ستھرے نظرآنے چاہئیں۔عید کے دوسرے روز ہونیوالی بارش کے باعث لاہور کے بعض نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا ہونے پر برہمی کا اظہار کیا اور واسا حکام کو نکاسی آب کے لئے فوری اقدامات کرنے کا حکم دیا اوررپورٹ طلب کرتے ہوئے غفلت کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا حکم دیدیا۔