اسلام آباد(سپیشل رپورٹر؍ مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ لوگ پوچھتے ہیں کدھرہے نیا پاکستان؟ نیا پاکستان ایک جدوجہد کا نام ہے ، بٹن دبانے کا نام نہیں،سسٹم تبدیل کرنے میں وقت لگتاہے ،بٹن دباتے ہی نیاپاکستان نہیں آسکتا۔پاکستان پراپرٹی ،ہائوسنگ اور کنسٹرکشن ایکسپو2021کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاپاکستان میں تمام را مٹیریل موجود ہے ،ملک میں دیہاڑی دار لوگوں کو موقع ہی نہیں ملا کہ اپنا گھر بنا سکیں،پاکستان میں تنخواہ دارطبقے کاکسی نے نہیں سوچاتھا، اب بینک لوگوں کوہائوس فنانس کیلئے پیسے دیں گے ،عام لوگوں کو گھر کی فراہمی کے لئے نیا پاکستان ہائوسنگ سکیم شروع کی،وہ ملک کبھی ترقی نہیں کرسکتا جہاں ایک طبقہ امیر اور زیادہ لوگ غریب ہوں،بھارت میں اس وقت غربت کی انتہا ہے ، چین نے سب سے پہلے کمزورطبقے کی مدد کی،ماضی میں کبھی غریب طبقے کیلئے کوئی پالیسی ہی نہیں بنائی گئی،کورونا کی وجہ سے پوری دنیا میں حالات خراب ہوئے ، لاک ڈاؤن میں سب سے پہلے غریب طبقہ متاثرہوتا ہے ،کورونا کے د وران آئی ایم ایف کو فون کرکے کنسٹرکشن سیکٹر کیلئے رعایت لی،تعمیراتی شعبے میں تیزی سے ترقی ہورہی ہے ۔وزیراعظم نے کہاحکومت انڈسٹری کی مددکریگی لیکن پھر انڈسٹری کافرض بنتاہے کہ وہ ٹیکس دے ،یہ ٹووے سسٹم ہے ،آپ کوسہولیات دینگے تاکہ دولت بڑھے ،آپ نے ٹیکس دیناہے تاکہ ملک ترقی کرے ۔علاوہ ازیں وزیراعظم کے زیر صدارت پنجاب میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق اجلاس ہوا۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں گورنر،وزیر اعلیٰ پنجاب،وزیراطلاعات فوادچودھری سمیت اہم وفاقی و صوبائی وزرا شریک ہوئے ۔وزیراعظم نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات جلد کرانے کی ہدایت کی۔وزیراعظم نے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار اور صوبائی وزیر محمودالرشید کو ق لیگ کی قیادت سے ملاقات اور خدشات دور کرنے کی بھی ہدایت کی۔پی ٹی آئی نے ق لیگ کے تحفظات دورکرنے کافیصلہ کرتے ہوئے آج اجلاس طلب کرلیا۔ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ق) ضلع ناظم طرزکے نظام کی بحالی چاہتی ہے ۔مزیدبرآں وزیراعظم نے چین میں چنسائو معاونت اور پائیدار ترقی تعاون فورم کی 20 ویں سالگرہ کے موقع پر ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب میں کہا دنیا بھر میں ماحولیاتی تبدیلی، غربت اور غذائی عدم تحفظ بڑے چیلنجز ہیں، ترقی پذیر ملکوں کے لئے غذائی قلت بہت بڑا مسئلہ ہے ، غربت کے خاتمے کے لئے چین رول ماڈل ہے ، کورونا کی عالمی وبا نے اقتصادی بحران کو جنم دیا ، احساس پروگرام نے کورونا کے معاشی مسائل پر قابو پانے میں مدد دی، پاکستان نے ماحولیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے کے لئے زبردست اقدامات کئے ، 10 بلین ٹری منصوبہ کے تحت اب تک ایک ارب درخت لگا چکے ہیں، چنسائو ٹیکنالوجی غربت کے خاتمے اور پائیدار ترقی کے لئے موزوں ہے ۔دریں اثناء وزیر اعظم سے ائیر عربیہ گروپ کے چیئرمین شیخ عبد اللہ بن محمد الثانی نے ملاقات کی ۔وزیر اعظم نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ ایئرعربیہ گروپ کو پاکستان میں خوش آمدید کہتا ہوں، ایئرعربیہ کی پاکستانی سرمایہ کاروں سے ملکر ایئرلائن فلائی جناح بنانے کاخواہشمند ہوں۔