پشاور(بی بی سی ) ضلع ٹانک کے علاقے گومل این اے 37کے لوگوں نے انتخابی امیدواروں سے کہا ہے کہ وہ ان کے پاس ووٹ مانگنے نہ آئیں کیونکہ وہ اس نظام سے بیزار ہیں جس میں غریب کی سنوائی نہیں ہوتی اور امیدوار ووٹ لے کر پانچ سالوں کے لیے غائب ہو جاتے ہیں۔ یہ پیغام کوئی عام امیدواروں کے لیے نہیں بلکہ اس میں جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما و سابق ڈپٹی سپیکر فیصل کریم کنڈی اور تحریک انصاف کے حبیب اﷲ کنڈی بھی شامل ہیں۔علاقے کے 200 افراد نے مل کر یہ تحریک شروع کی ہے اور اس کے لیے وہ گھر گھر جا کر آگہی فراہم کر رہے ہیں کہ تعلیم، پانی ،صحت، روزگار اور دیگر ضروریات کی فراہمی کی یقین دہانی کے بعد ہی ووٹ کاکوئی فیصلہ کریں گے ۔گومل کی آبادی 3 لاکھ ہے ۔ علاقے میں پوسٹرزبھی آویزاں کیے گئے ہیں ۔