پشاور(92نیوز)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے صوبے میں موجود وسائل کے مفید استعمال اور تیز رفتار ترقی کیلئے مالی بنیادمضبوط کرنے کے حکومتی عزم کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے عوام کی خوشحالی اور حقیقی فلاح و بہبود کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے کی غیر مستقل معیشت کو دیر پا ، مستقل اور باقاعدہ معیشت میں تبدیل کیا جائے گا۔ صوبائی حکومت نے اپنے سابق دور حکومت میں شفافیت ، کرپشن فری حکمرانی اور انصاف کی تیزر فتار فراہمی کیلئے درجنوں قوانین بنائے ہیں۔ ان میں آئس اور دیگرمنشیات کے خلاف اقدامات بڑی اہمیت کے حامل ہیں ۔ ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں منشیات اور جرائم کے خلاف اقوام متحدہ کے نیشنل گڈ وِل سفیر شہزاد رائے سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔جنہوں نے وزیراعلی ٰہاؤس پشاور میں ان سے ملاقات کی ۔ شہزاد رائے نے خیبرپختونخو ا کے تعلیمی اداروں میں نشہ آور اشیا ئکے استعمال کے تدارک ، ابتدائی تعلیمی اداروں میں مادری زبان میں درس و تدریس کے تعارف اور سیاحت سے متعلقہ سرگرمیوں کے فروغ کے حوالے سے جدید نظریات سے آگاہ کیا ۔