لاہور(سپورٹس رپورٹر) نیشنل ٹرائینگولر ٹی ٹونٹی ویمنز کرکٹ چیمپئن شپ فائنل پی سی بی چیلنجرزنے جیت لیا، پنڈی کرکٹ سٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے جانے والے فائنل میچ میں پی سی بی چیلنجرز نے پی سی بی ڈائنا مائٹس کو 7 رنز سے شکست دی ۔ پی سی بی چیلنجرز کو ٹاس جیت کر پی سی بی ڈائنا مائٹس نے پہلے کھیلنے کی دعوت دی ۔ پی سی بی چیلنجرز نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 133 رنز بنائے ۔ وحیدہ اختر 11 اور فاطمہ ثناء 24 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں ۔ صدف شمس اور منیبہ علی نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 15 رنز جوڑے ۔ کپتان منیبہ علی 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں ۔ صدف شمس نے 18 رنز بنائے ۔ کائنات حفیظ نے 27 گیندوں پر 31 رنز تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے بنائے ۔ بسمہ معروف 12 گیندوں پر 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں ۔ پی سی بی ڈائنا مائٹس کی جانب سے سبحا نہ طارق نے چار اوورز میں 37 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا ۔ نشرہ سندھو اور رامین شمیم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔ ہدف کے تعاقب میں پی سی بی ڈائنا مائٹس مقرر 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 126 رنز بنا سکی ۔ ناہیدہ خان نے 39، عائشہ ظفر نے 1 ، حفصہ خالد نے 20 ، عمیمہ سہیل نے 12 اور ارم جاوید نے 15 رنز بنائے ۔ کائنات امتیاز 29 گیندوں پر دو چوکوں کی مدد سے 32 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں ۔پی سی بی چیلنجرز کی جانب سے سیدہ عروب شاہ نے دو جبکہ ایمن انور ، فاطمہ ثناء ، اور ندا ڈارر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ کائنات حفیظ پلئیر آف دی میچ قرار پائیں۔کائنات امتیاز کو آل راونڈ پرفارمنس پر پلئیر آف دی ٹورنامنٹ قرار دیا گیا انہوں نے ٹورنامنٹ میں 111 رنز بنائے اور تین وکٹیں حاصل کیں۔