لاہور،(اپنے خبر نگار سے) پنجاب بھر میں نویں جماعت کے نتائج کااعلان کردیاگیا ،ڈی جی خان میں طلبا کامیابی میں سب سے آگے رہے 59.32 پاس ہو گئے جبکہ لاہور بورڈ میں کامیابی کا تناسب 50.29 رہا۔بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجوکیشن لاہور کے تحت نویں جماعت کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا۔ بورڈ آفس میں تقریب میں چیئر مین بورڈ چودھری محمد اسماعیل، کنٹرولر (امتحانات) نا صر جمیل اور سیکرٹری ڈاکٹر ریحانہ الیاس اوردیگر افسران نے بھی شر کت کی۔ سالانہ امتحان میں 2لاکھ 58ہزار طلبہ و طالبات نے شر کت کی جس میں سے 1لاکھ 29 ہزار امیدواروں نے کا میابی کا سہرا اپنے نام کیا۔ نویں جماعت کے نتائج میں مجمو عی طور پر کا میابی کا تناسب 50.29فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجوکیشن گوجرانوالہ کے زیر اہتمام نہم (سالانہ) 2018ء کے نتائج کا اعلان چیئرمین / کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن جناب اسداﷲ فیض اور پروفیسر ناصر محمود اعوان کنٹرولر امتحانات نے کیا۔چیئرمین بورڈ نے بتایا کہ اس امتحان میں مجموعی طور پر 249577 اُمیدواران شامل ہوئے جن میں سے 136032 کامیاب قرار پائے اس طرح اُن کی شرح تناسب 54.51 فیصد رہی۔سائنس گروپ (بوائز) میں 89981 اُمیدوار شامل امتحان ہوئے جن میں سے 46230اُمیدوار کامیاب قرار پائے اور اُن کی کامیابی کی شرح 51.37فیصد رہی۔ سائنس گروپ (گرلز) میں 78351اُمیدوار شامل امتحان ہوئے جن میں 52552 اُمیدوار کامیاب قرار پائے اور اُن کی کامیابی کی شرح 67.07فیصد رہی۔ اسی طرح ہیومینٹیز گروپ میں بوائز اُمیدوار 28764گرلز اُمیدوار52481 شامل امتحان ہوئے جن میں سے ( بوائز)امیدوار 8479 ( گرلز) امیدوار 28771 کامیاب قرار پائے ۔ اس طرح اُن کی کامیابی کی شرح بالترتیب 29.47اور 54.82فیصد رہی۔ کنٹرولر امتحانات سرگودھا کے مطابق امتحان میں80063 ریگولر امیدواروں نے حصہ لیا جن میں سے 44159 امیدوار کامیاب قرار پائے او رنتیجے کا تناسب 55.16 فیصد رہا۔ ادھرملتان بورڈ کے تحت نہم امتحان میں 121105 طلبہ نے حصہ لیا جن میں سے 72609 طلبہ نے کامیابی حاصل کی ، جن میں 30 ہزار 600 طلبا اور 24ہزار 186 طالبات شامل ہیں ، کامیابی کا تناسب 59 فیصد رہا ۔ثانوی و اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ ڈیرہ غازیخان کے ڈپٹی کنٹرولر امتحانات شیخ امجد حسین نے بتایاکہ امتحان میں 87804امیدواروں نے شرکت کی جن میں سے 52094نے کامیابی حاصل کی کامیابی کاتناسب 59.32رہا۔کنٹرولر امتحانات بہاول پور بورڈ طاہر حسین جعفری کے مطابق امتحان میں کل95257امیدواران شریک ہوئے ، 50003 امیدواران نے کامیابی حاصل کی ، کامیابی کا تناسب 52.49فی صد رہا۔