لاہور(سٹاف رپورٹر) پاکستان علماء کونسل اور ملک بھر کے علماء ومشائخ نے اپیل کی ہے کہ جمعۃ المبارک کے حوالے سے علماء اور مقامی انتظامیہ کا جو ضابطہ طے ہوا اس پر مکمل طور پر عمل کیا جائے ، جہاں عوام کو جمعہ کی نماز کیلئے مساجد میں آنے سے منع کیا گیا وہاں لوگ گھر پر نماز ادا کریں، کوئی کسی مسلمان کو مسجد میں نماز کے لئے منع نہیں کرسکتا لیکن کورونا وبا کے حوالے سے جو اطلاعات آرہی ہیں ان کے پیش نظر کراچی کے علما اور حکومت میں جو معاہدہ طے پایا اس کی پاسداری کی جائے ، یہ بات چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی , علامہ عبدالحق مجاہد، مولانا محمد رفیق جامی ، مولانا یاسر علوی و دیگر نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہی ، کراچی کے علما نے مفتی تقی عثمانی کی سربراہی میں حکومت کو اس حوالے سے اختیار دے رکھا ہے اسے ملحوظ خاطر رکھا جائے ، کسی قسم کا ٹکراو مزید نقصان کا باعث بنے گا۔ جہاں جہاں مقامی انتظامیہ اور علماء کے درمیان جو معاہدہ ہوا اسے تسلیم کیا جائے اور جہاں کہیں ابھی تک کوئی معاہدہ نہیں ہوا وہاں انتظامیہ بھی علما کے ساتھ بیٹھ کرمعاملات طے کریں ۔ ایسے اقدامات کا مقصد محض کرونا وباء سے انسانی زندگیوں کو بچانا ہے ، علما و مشائخ نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ گھروں سے باہر نہ نکلیں،گھروں میں رہ کر ہی ذکر اذکار اور استغفار کریں۔پوری قوم کثرت سے استغفار کرے ، آیت کریمہ ، درود شریف کا مسلسل وردکیا جائے ۔