نیویارک(نیٹ نیوز)نمونیا 2030 تک ایک کروڑ 10 لاکھ بچوں کی اموات کا باعث بن سکتا ہے خصوصاً غربت کے شکار طبقے سب سے زیادہ خطرے کی زد میں ہوں گے ۔یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی ہے ۔سیو دی چلڈرن اور جان ہوپکنز یونیورسٹی کی جاری کردہ تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ اگلے 12 برسوں میں نمونیا ایک کروڑ 8 لاکھ کے قریب بچوں کی اموات کا باعث بن سکتا ہے ۔تاہم کم از کم ایک تہائی یا 40 لاکھ کے قریب اموات کی روک تھام ممکن ہے ، اگر ویکسینیشن، علاج اور بچوں کی غذا کی صورتحال کو بہتر بنایا جائے ۔محققین کے مطابق یہ ایسا مرض ہے جو غریب بچوں کو زیادہ نشانہ بناتا ہے ، ایسے بچے جو غذائیت کی کمی یا کچی بستیوں میں رہتے ہیں، ان میں نمونیا کا خطرہ بہت زیادہ ہوتا ہے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ بچوں کی اموات کی نمبرون وجہ کے بارے میں حقائق پر بات نہیں کی جاتی جبکہ یہ حکومتوں، ڈونرز اور عوام کی ترجیحات میں بھی شامل نہیں۔