اسلام آباد ( نامہ نگار، آئی این پی، مانیٹرنگ ڈیسک) نندی پور پاور پراجیکٹ میں مبینہ تاخیر کے ریفرنس میں راجہ پرویز اشرف اور بابر اعوان کو دو ، دو لاکھ کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا گیا۔سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف اور سابق وفاقی وزیر قانون بابر اعوان نندی پورپاور پراجیکٹ ریفرنس میں اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیش ہو گئے ۔اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے نندی پور پاور پراجیکٹ ریفرنس کی سماعت کی۔نیب نے منصوبے سے متعلق قانونی رائے میں تاخیر سے لاگت میں اضافے اور قومی خزانے کو نقصان پر پرویز اشرف، بابر اعوان و دیگر کیخلاف ریفرنس دائر کر رکھا ہے ۔عدالت نے پرویزاشرف اور بابر اعوان کو دو دو لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے اور آئندہ سماعت پر تمام ملزمان کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راجا پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ انہیں یہ سمجھ نہیں آ رہا انکا نام ریفرنس میں کیوں شامل ہوا؟اب عدالت آ ہی گئے ہیں تو اپنی صفائی پیش کریں گے ، مجھے اس کیس کا کوئی سر پیر نظر نہیں آ رہا۔ میرے خلاف بنائے گئے کیس کا سر پیر نظر نہیں آرہا۔