لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) مسلم لیگ ن کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ میاں نوازشریف اور شہباز شریف کے درمیان کوئی اختلاف نہیں ہے ۔ چینل 92نیوز کے پروگرام جواب چاہئے میں میزبان ڈاکٹر دانش سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ یہ تاثر بے بنیاد اورغلط ہے کہ جب شہبازشریف ملنے گئے تو نوازشریف نے ان کیساتھ ملنے سے انکار کردیا ۔ہمارے کارکنوں پرتقریباً 16ہزار مقدمات بنائے گئے ہیں، الیکشن کمیشن سے شکایت کی ہے کہ ہم نے کونسے کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کی ہے ؟،صرف ایک ہی پارٹی کو نشانہ بنایاجارہاہے ،الیکشن کمیشن کو اسکا نوٹس لینا چاہئے ۔ نوازشریف کی آمد کے موقع پردہشتگردی کے مقدمات کا طریقہ نیا آیا ہے ،ایک سیاسی جماعت کو نوازنے کیلئے ن لیگی کارکنوں پر مقدمات درج کئے گئے ۔ حمزہ شہباز کے حلقہ میں پولیس افسر نے مداخلت کی، ملتان سے ہمارے امیدواروں کی شکایت آئی ہے ، سارے معاملات ہمیں دیوار سے لگانے کیلئے کئے جارہے ہیں۔ ہم نے عمران خان کی طرف سے تمام بیانات کو ریکارڈ کرکے کمپین میں شامل کیا تو الیکشن کمیشن نے منع کردیا۔الیکشن کمیشن کو چاہئے کہ وہ عمران خان کی تقاریر بھی بین کردے ۔ الیکشن کمپین میں صرف ایک پارٹی کو فائدہ پہنچایا جارہا ہے ۔ اگر الیکشن کمپین میں ہمارے اشتہارات کو بین کردیا جائے تو سوال تو پیدا ہوگا۔ ہم الیکشن جیتے ہوئے ہیں،بائیکاٹ پر نہیں جائینگے ۔تاہم دھاندلی کی ہر کوشش کو عیاں کرینگے ۔تحریک انصاف کی رہنما اور سابق وفاقی وزیرنیلو فر بختیار نے کہاکہ سارے الزاما ت پی ٹی آئی پر کیوں لگا ئے جارہے ہیں ، جس قدر خطرات دیگر جماعتوں کوہیں ایسے ہی عمران خان اورپی ٹی آئی کو بھی ہیں، اگر کچھ ہوتاہے تو نگران حکومت کی نااہلی ہو گی۔یہ غلط ہے کہ سب کچھ پی ٹی آئی کروا رہی ہے اوراسے خلائی مخلوق کا ساتھ حاصل ہے ۔ جتنی تھریٹ عمران خان کو دی گئی اتنی ہی بلاول بھٹو کو دی گئی ہے ۔خطرات پر عمران خان گھر بیٹھ گئے تو انکا 22سالہ مشن نامکمل رہ جائیگا۔یہ سب ہم پر اسلئے الزامات لگارہے ہیں کہ ان کو پتہ چل گیا ہے کہ ہم جیتے ہوئے ہیں۔ نوازشریف نے افواج پاکستان کیخلاف جو الفاظ استعمال کئے ہیں اگر ہم وہ الفاظ اپنی کمپین میں استعمال کریں تو انکاکیا حال ہوگا؟۔پیپلزپارٹی کی رہنما پلوشہ خان نے کہا کہ ہم الیکشن کا بائیکاٹ کرینگے نہ میدان کھلا چھوڑینگے ۔ پاکستا ن کے ا لیکشن پر دنیا بھر کی نظریں ہیں اور عالمی میڈیا لکھ رہا ہے کہ ایک پارٹی کے امیدواروں کی فیورہورہی ہے ۔بلاول بھٹو کو پشاور کینٹ میں داخل ہونے سے روکا جاتا ہے جبکہ عمران خان کو کھلی اجازت ہے ، یہ کیا ہے ؟۔چند دن پہلے منی لانڈرنگ کیس کو بنیاد بنا کر آصف زرداری اور فریال کیخلاف تمام میڈیا ہائوسز سے کمپین چلائی گئی ،اسکا مقصد کیا تھا؟۔ ان انتخابات میں تمام پارٹیاں پریشان ہیں کسی کو نہیں پتہ کہ وہ کتنی سیٹیں لے سکے گی۔ مخلوط حکومت ہی بنے گی، کسی پارٹی کو واضح اکثریت نہیں ملے گی۔