لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ اپوزیشن نے ملک کنگال کیا ، کسی صورت بلیک میل نہیں ہونگا ،نوازشریف خود واپس نہیں آئیں گے ، لانے کیلئے پوری کوشش کرینگے ،اپوزیشن کسی بھی طرح این آر او چاہتی ہے ۔92 نیوز کے پروگرام ہارڈ ٹاک پاکستان میں میزبان ڈاکٹر معید پیرزادہ سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اپوزیشن نے ملک کو کنگال کیا ،ان کا ون پوائنٹ ایجنڈا اپنے لیڈرز کی کرپشن بچانا ہے ،یہ کسی بھی طرح این آر او چا ہتی ہے ۔اپوزیشن نے سوچا فیٹفٹ میں یہ مان جائے گا مگر میں کسی صورت بلیک میل نہیں ہوں گا۔۔مولانا فضل الرحمان کنٹینر لیکر آئے تو سب اس پر سوار ہوگئے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ اپوزیشن کے ساتھ میڈیا کے بھی کچھ لوگ ملے ہوئے تھے ، ان کا ون پوائنٹ ایجنڈا ان کے لیڈر ز کی کرپشن بچاناہے ۔یہ چاہتے ہیں کہ کسی طرح حکومت کو بلیک میل کیاجائے کہ عمران خان پر اتنا پریشر پڑجائے کہ وہ جس طرح مشرف نے دو این آراو دیئے تھے عمران بھی دے ۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ ہمیں آئی ایم ایف کے پاس جلدی جاناچاہئے تھاہم پر یہ تنقید ٹھیک ہے کہ ہم دیر سے گئے ۔ اپوزیشن نے کورونا،فیٹف ، معیشت اوریہاں تک کشمیر کے معاملے پر بھی بلیک میل کیا ۔ایک سوا ل کے جواب میں کہاکہ اپوزیشن والوں کے سارے کیسز پرانے ہیں۔ یہ ایک دوسرے کو کرپٹ کہتے تھے لیکن جب یہ باہررہ کرآئے تو اکٹھے ہوئے ۔ پی پی اور ن لیگ نے جس طرح لوٹا ، ملک قرضوں میں دب گیا ۔انہوں نے کوئی میگا پراجیکٹ نہیں بنایا چھوٹی چھوٹی سڑکیں بنادیں ۔ہم ایم ایل ون، بھاشا ڈیم ، دو نئے شہر ہمارے دور میں بن رہے ہیں ۔ یہ کہتے ہیں کہ ہم این آراو نہیں مانگ رہے ۔ ان کی 38 شقوں میں سے 34وہ ہیں جن کو یہ کہہ رہے ہیں کہ انہیں ختم کیاجائے جو نیب کی ہیں ۔میں دیکھوں گا کہ کیا یہ قوم کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں یا اپنی چوری بچانے کیلئے کھڑے ہوتے ہیں۔