لاہور(کر ائم ر پو ر ٹر، 92نیوزرپورٹ،این این آئی) قائد مسلم لیگ ن نواز شریف سے کوٹ لکھپت جیل میں اپوزیشن لیڈر شہبا زشریف نے خصوصی ملاقات کرکے مولانافضل الرحمان سے ہونے والی ملاقات،پارٹی کی سی ای سی کا اجلاس طلب کرنے ،مریم نواز اور حمزہ شہباز سمیت خاندان کے دیگر افراد کے خلاف کیسز اور سیاسی صورتحال پر بریفنگ دی۔ذرائع کے مطابق نوازشریف نے شہبازشریف کو مولانا فضل الرحمان کے دھرنے میں شرکت سے متعلق فیصلہ 30ستمبرکوہونے والے پارٹی اجلاس میں رہنماؤں سے مشاورت کے بعد کرنے کی ہدایت کی ،شہباز شریف نے بھائی سے ملاقات کیلئے خصوصی اجازت لی تھی۔نجی ٹی وی کے مطابق احسن اقبال اور خواجہ آصف بھی ملاقات میں موجود تھے ۔ این این آئی کے مطابق شہباز شریف نے اپنے بیٹے حمزہ شہباز سے بھی کوٹ لکھپت جیل میں ملاقات کی جس میں اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ،لیگل ٹیم کے اراکین نے بھی نواز شریف سے جیل میں ملاقات کی ۔