اسلام آباد (این این آئی) معروف شیف گلزار نے اپنے سر پر جوتے مار کر انوکھا احتجاج کیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے ۔ شیف گلزار نے نواز شریف کے بیرون ملک جانے کے فیصلے پر احتجاج کا انوکھا انداز اپناتے ہوئے سر پر جوتے مار کر اپنے غصے کا اظہار کیا، گلزار نے اپنی ویڈیو کے آغاز میں کہا کہ میں عام طور پر سیاست کے حوالے سے کوئی گفتگو نہیں کرتا لیکن آج مجھے ایسا لگتا ہے کہ اس حوالے سے مجھے ضرور کچھ کہنا چاہیے ، سب سے پہلے میں میاں صاحب کو علاج کیلئے بیرون ملک جانے اور ریلیف ملنے کیلئے مبارکباد پیش کرتا ہوں، تمام حکومتی اداروں کو بھی مبارکباد دیتا ہوں کہ انہوں نے اتنی جلدی انصاف کیا اور نواز شریف کو ریلیف دیا، ویڈیو پیغام میں انہوں ایک چپل ہاتھ میں پکڑی ہوئی تھی جس کے بعد انہوں نے کہا کہ میں اپنی خوشی کا اظہار چپل کو سر پر مار کے کرتا ہوں،شیف گلزار کو ویڈیو میں سر پر زور زور سے چپل مارتے دیکھا گیا، انہوں نے کہا کہ اب مجھے امید ہے کہ غریب لوگوں کو بھی جلد ریلیف ملے گا، جو لوگ اس وقت مہنگائی کی وجہ سے تنگ آ کر خودکشی کر رہے ، اپنے بچوں کو بیچ رہے ہیں، ان لوگوں کو بھی ریلیف ملے گا، وہ اپنی ہر ایک بات کرنے کے بعد سر پر چپل مار رہے تھے ۔ جو لڑکیاں اپنی عزت بیچ کر اپنے گھر کو چلا رہی ہیں ان کو بھی جلد ریلیف ملے گا، پولیس کے ادارے میں جو ناانصافیاں ہوتی ہیں، لوگ پیسے دے کر چھوٹتے ہیں یا اذیت کا شکار ہو جاتے ہیں ان کو بھی شاید ریلیف مل جائیگا ، انوکھے احتجاج کی وائرل ویڈیو پر صارفین نے بھی دلچسپ تبصرے کئے ۔