لندن،لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک،نیوز ایجنسیاں) سابق وزیر اعظم نواز شریف سے سابق سفیر ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے ملاقات کی۔ملیحہ چودھری عقبی دروازے سے پارک لین فلیٹس میں داخل ہوئیں۔لندن میں پاکستانی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف کے صاحبزادے حسین نواز نے کہا ہے والد کی تازہ میڈیکل رپورٹس پاکستان پہنچ چکی ہیں، نواز شریف کی صحت پر سیاست افسوسناک اور یہ عمران خان کا شخصی انتقام ہے ، عمران خان کو نواز شریف اور ان کی بیٹی کے سوا کچھ نظر نہیں آتا، حکومت، حکومتی عہدیداران بلکہ میڈیکل بورڈ کو بھی تازہ ترین رپورٹس پہنچائی ہیں، اگر کوئی کہہ رہا ہے موصول نہیں ہوئیں تو یہ درست نہیں، میڈیکل رپورٹس میڈیا پر چل چکی ہیں اس کے باوجود پریس کانفرنس افسوسناک ہے ، وزیر اعظم ان لوگوں کو بھی دیکھیں جو بچوں کیلئے گرم کپڑے نہ ہونے کی وجہ سے خود کشی کر رہے ہیں۔ایک بیان میں پارٹی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا نواز شریف کی صحت پر ڈرامہ رچانے سے کیا مہنگائی14 فیصد سے کم ہو گئی ،کیا ترقی کی شرح واپس 5.8 فیصد پر آ گئی ، سال میں لیاگیا 11000ارب کا تاریخی قرض کم ہو گیا؟،پچاس لاکھ گھر، ایک کروڑ نوکریاں مل گئیں؟ ،ٹیکس ریونیو کا 282 ارب کا تاریخی خسارہ ختم،16ماہ سے بند دوائیاں پھر سے مفت ملنے لگیں، پشاور میٹرو مکمل ہو گئی ؟،16ماہ کی معاشی تباہی ختم ہو گئی، عمران صاحب آپ کا تاریخی جھوٹ، نااہلی ، نالائقی اور کرپشن ختم ہو گئی؟،جن رپورٹس پر سیاسی تماشہ کیا گیاوہ لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن اور نوٹری پبلک، فارن اینڈ کامن ویلتھ آفس یو کے سے تصدیق شدہ ہیں،عمران صاحب کبھی 14فیصد کی تاریخی مہنگائی،2.5فیصد شرح ترقی ، گیس میں 250فیصد اور بجلی قیمتوں میں 150فیصد اضافہ اور عوام کی صحت کا بھی نوٹس لیں جس کا آپ نے بیڑہ غرق کر دیا ہے ،نوازشریف کی رپورٹس طلب کرنے کے بجائے اپنی نالائقیوں، نااہلیوں اور جھوٹ کی رپورٹ طلب کریں ۔ نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے سابق وزیر اعظم کی تازہ میڈیکل رپورٹس ٹوئٹر پر بھی شیئر کر دیں۔ ڈاکٹر عدنان کے مطابق رپورٹس لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن اور نوٹری پبلک، فارن اینڈ کامن ویلتھ آفس یو کے سے چودہ جنوری کو تصدیق کرائی گئیں۔