لاہور(جنرل رپورٹر،سپیشل رپورٹر، این این آئی) نواز شریف کی درخواست ضمانت پر آج فیصلہ آنے کے بعد شریف خاندان کی جانب سے انجیو گرافی کے حوالے سے مشاورت کرکے فیصلہ کیا جائیگا ،گزشتہ روز مریم نواز اور ذاتی معالج ڈاکٹرعدنان نے جناح ہسپتال میں زیر علاج سابق وزیراعظم سے ملاقات کرکے ان کی عیادت کی،مریم نواز کافی دیر تک اپنے والد کے ہمراہ موجود رہیں اور ان سے مختلف امور پر گفتگو کرتی رہیں،نواز شریف نے گھر سے لایا گیا پرہیزی کھانا بھی کھایا ، ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ شریف خاندان ضمانت کے حوالے سے فیصلے کیلئے پر امید ہے تاہم آج فیصلہ سامنے آنے کے بعد میڈیکل بورڈ کی سفارشات کی روشنی میں علاج معالجے کے حوالے سے حتمی فیصلہ کیا جائے گا ۔میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ نوازشریف کی ضمانت کے حوالے سے عدالتی فیصلے سے پوری امید ہے کہ اﷲ خیر کرے گا، عمران خان کی جانب نوازشریف کے علاج پر آنے والے کروڑوں روپے کے اخراجات سرکاری خزانے سے ادا ہونے کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ کیاعمران خان نے کبھی سچ بولا ہے ؟ڈاکٹر عدنان نے غیر رسمی گفتگو کے دوران اینجیو گرافی کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ اس کا حکومت کوبہتر پتہ ہوگا، نواز شریف کو کس ٹیسٹ کی ضرورت ہے وہ ڈاکٹرز ہی بتا سکتے ہیں، مریم نواز کی ہسپتال آمد اور روانگی کے موقع پر کارکنوں نے شریف خاندان کے حق میں نعر ے لگائے جس پر مریم نواز نے ہاتھ ہلا کر کارکنوں کے نعروں کا جواب دیا ۔