لاہور( خبرنگارخصوصی) مسلم لیگ ن کی ایم پی اے عظمیٰ زاہد بخاری نے شریف فیملی کو نواز شریف سے ملاقات کی اجازت نہ ملنے کیخلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرادی۔ کوٹ لکھپت جیل میں قید سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف سے ان کی فیملی کو ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی۔او رنہ ان کے ذاتی معالج کو نواز شریف تک رسائی دی جا رہی ہے ۔حکومت پنجاب کا یہ اقدام انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی کے مترادف ہے ۔حکومت پنجاب سیاسی انتقام میں اس قدر اندھی ہو چکی ہے نواز شریف کی فیملی سے ملاقات بند کر دی ہے ۔ دریں اثناء مسلم لیگ (ن) کی رکن پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ نے ترجمان پنجاب حکومت شہبازگل کو عہدے سے ہٹانے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرادی۔وزیر اعلیٰ پنجاب کے ترجمان شہباز گل سیاسی مخالفین کیخلاف مہم چلا رہے ہیں۔انہوں نے وزیر اعلیٰ آفس کو تحریک انصاف پروپیگنڈہ سیل میں تبدیل کردیا ہے ۔ دریں اثناء لوکل کاسمیٹکس انڈسٹری پر لگائے گئے ٹیکسوں کے خلاف قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرادی گئی،قرارداد مسلم لیگ ن کی سلمی سعدیہ تیمور کی جانب سے جمع کرائی گئی،قرارداد میں کہا گیا ہے کہ کاسمیٹکس کا سامان بنانے والے مینو فیکچرز حکومت کی جانب سے ٹیکسوں میں اضافے پر پریشان ہیں۔ قرارداد میں وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ لوکل کاسمیٹکس کے خام مال پر عائد ٹیکس فوری طور پر واپس لے ۔