لاہور(سٹاف رپورٹر،نیٹ نیوز،صباح نیوز)مسلم لیگ ن نے واضح کیا ہے نوازشریف کا علاج مکمل ہونا پہلی ترجیح ہے ،قائد کی صحت اور زندگی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرینگے ، نواز شریف علاج مکمل کراکے ہی واپس آئیں گے ،عدلیہ سے بھی توقع ہے کہ وہ کورونا وبا کے پیش نظر مریضوں کے علاج میں آنے والے تعطل اور نوازشریف کی زندگی کو لاحق خطرات کومدنظر رکھے گی،پارٹی نے نوازشریف سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنا علاج مکمل کرانے کے بعد ہی وطن واپس لوٹیں، جب معالجین اجازت دیں کہ آپ تندرست ہیں تو لمحہ بھر کی تاخیر کے بغیر وطن واپس آجائیں، زندگیوں کے معاملات کے فیصلے ٹاک شوز سے نہیں ہوسکتے ۔ماڈل ٹاؤن میں خواجہ آصف، رانا ثناء اللہ و دیگر رہنماؤں کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا بیگم کلثوم نواز کی بیماری کے وقت بھی پی ٹی آئی نے انتہائی غیرذمہ دارانہ بیانات دیئے تھے اور پھر مرحومہ کی وفات کے بعد یہ لوگ شرمندہ بھی نہیں ہوئے ۔ نوازشریف کوجب تک ان کے معالجین انہیں ’سرٹیفیکیٹ آف فٹنس‘ نہیں دیتے وہ واپس نہ آئیں، نوازشریف کی زندگی اور صحت پر سیاست یاسمجھوتہ نہیں کیاجاسکتا ہے ،، عدالت میں ان کی میڈیکل رپورٹس پیش کریں گے جیسا کہ پہلے کیاجاتا رہا ہے ،نوازشریف کی قیادت میں پارٹی چٹان کی طرح متحد ہے ،حکومت کی اصلیت قوم کے سامنے کھل کر آچکی، انہوں نے جو سبز خواب قوم کو دکھائے قوم کو پتہ چل گیا کہ وہ سب جھوٹ، دھوکہ اور فریب تھا۔ یہ مرغی انڈہ معیشت سے شروع ہوئے تھے ، پھر بکری معیشت، کٹا بھینس معیشت پر آگئے ، اب بھنگ معیشت تازہ شاہکار ہے ، اگلا منصوبہ لگتا ہے یہ پوست کی کاشت کریں گے ۔ اس موقع پر خواجہ آصف نے کہاپوری قوم پھر ٹُن ہوجائے گی۔ادھر رانا ثنائاللہ کی مسلم لیگ ن پنجاب کے اجلاس میں نوازشریف اور شہبازشریف کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہاراورمریم نواز کی پیشی پر کارکنوں کے خلاف دہشتگردی کے مقدمات اور حمزہ شہباز کو ایک سال سے زائد عرصے تک بے گناہ قید میں رکھنے کی مذمت کی گئی۔ٹی وی انٹرویو میں مریم اورنگزیب نے کہانواز شریف کی صحت کے بارے میں حکومتی ترجمانوں کی باتیں سن کر بڑا دکھ ہوتا ہے ، ان کی چہل قدمی کو صحت مند کہنا بڑی عجیب اور چھوٹی بات ہے ، کورونا کی وجہ سے ان کاتاحال پروسیجر نہیں ہوسکا۔