اسلام آباد ( خبر نگار خصوصی،92 نیوزرپورٹ، صباح نیوز ) پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والے ٹیلیفونک رابطے میں رمضان کے بعد پی ڈی ایم کی تحریک کو تیز کرنے اور ضمنی الیکشن میں حکومت کی عوام میں غیر مقبولیت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ نواز شریف نے مولانا فضل الرحمٰن کی صحت کے بارے میں دریافت کیا ، دونوں رہنمائوں نے ایک دوسرے کو رمضان کی بھی مبارک باد دی ، پی ڈی ایم کی آئندہ کی حکمت عملی پر بھی بات چیت کی، نوازشریف نے پیپلز پارٹی اور اے این پی کا معاملہ مولانا پر چھوڑ دیا ہے ، نواز شریف نے کہا کہ آپ پر پوری طرح اعتماد ہے ہم اب بھی پی ڈی ایم کو متحد دیکھنا چاہتے ہیں، شاہد خاقان عباسی اپنے بیان کی وضاحت کر چکے ہیں۔مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کے رہنمائوں کی طرف سے ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی نہیں ہونی چاہئے ، پی ڈی ایم کو متحد رکھنے کے لیے پیپلز پارٹی کی قیادت سے بھی رابطے میں ہوں۔