لاہور، اسلام آباد( نیوز ایجنسیاں، سپیشل رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں فتح کا مکمل یقین ہے ، وزیراعظم منتخب ہوا تو کرپشن اور غربت کے خلاف مہم چلاؤں گا۔ چین کی طرح غربت میں کمی کے پروگرام پر عمل کیا جائے گا۔ برطانوی میڈیا (رائٹرز) کو انٹرویو میں عمران خان نے کہا جب تک آخری بال نہ پھینک دی جائے میچ ختم نہیں ہوتا۔ چین کی مثال ہے کس طرح انہوں نے عوام کوغربت سے نکالا، اس سلسلے میں میں ہم نے چینی حکام سے ملاقاتیں بھی کی ہیں۔ کرپٹ سیاستدانوں کے خلاف ہر مرتبہ احتساب کا عمل روکا گیا تاہم اب عوام سیاسی جماعتوں کے کرپٹ سربراہان کے احتساب کا مطالبہ کر رہے ہیں۔عمران خان نے انتخابی مہم میں سازگار ماحول فراہم کیے جانے کے الزام کی تردید کی اور کہا وہ انتخابات میں کامیابی کے لیے پرامید ہیں۔ ان کا کہنا تھا شہباز شریف عوام سے نواز شریف کے لیے ایئر پورٹ جانے کی اپیلیں کر رہا ہے اصل میں اندر سے خوش ہے کہ نواز شریف پکڑا گیا تواُسے موقع مل گیا۔ افغانستان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف نے کہا امریکی فوج جتناعرصہ افغانستان میں ر ہے گی سیاسی مصالحت کے مواقع اتنے ہی کم ہوں گے ۔ ایک ٹویٹ میں عمران خان نے کہا حیران ہوں نواز شریف مشکل میں آتے ہیں تو سرحد پر کشیدگی اور دہشت گردی بڑھ جاتی ہے ، کیا یہ محض اتفاق ہے ؟ عمران خان نے مستونگ اور بنوں میں ہونے والے دہشت گرد حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا محسوس ہوتا ہے انتخابات کو سبوتاژ کرنے کے لیے سازش ہو رہی ہے ، عوام ایسی کسی بھی سازش کو راہ میں حائل نہیں ہونے دیں گے ۔ نگران حکومتیں امیدواروں کی سلامتی اور قیام امن کو ترجیح بنائیں، انتخابی مرحلے کے دوران دشمن عدم استحکام کا خواہاں ہے ۔ عمران خان نے مستونگ میں بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا دہشت گردی کی سر اٹھاتی لہر انتہائی تشویشناک اور باعث تکلیف ہے ۔مزید برآں بارہ کہو اسلام آباد میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا نوجوان بے روزگار ہیں ، باریاں لینے والوں نے ملک کو مسائل کے علاوہ کچھ نہیں دیا ،ہم ملک میں ٹیکنیکل کالجز بنائیں گے اور بیروزگاری کا بڑا مسئلہ حل کریں گے ، پانی کمی کا مسئلہ حل کرنا منشور کا حصہ ہے ، ملک کے سرکاری ہسپتالوں کو بہتر کریں گے ، پاکستان کو اپنے پیروں پر کھڑا کرکے دکھاں گا، وقت آگیا ہے 25جولائی کو گھروں سے نکلو، باربار موقع نہیں ملتا۔