شیخوپورہ،فیصل آباد،لاہور(ڈسٹرکٹ رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید نے کہاہے کہ نواز شریف میں جیل کاٹنے کی جرات نہیں جبکہ میںنے بلاول بھٹو کو معاف کر دیا لیکن ’’بلو رانی ، مینو فیکچرنگ فالٹ‘‘ کے الفاظ واپس نہیں لونگا۔گزشتہ روزشیخوپورہ اور فیصل آباد ریلوے سٹیشنز پر خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ نوازشریف کو 20 سال پہلے بھی یہی بیماریاں تھیں،ن لیگ والوں کو روز پروڈکشن آرڈرزمل رہے ہیں۔ معاف کرنے میں عظمت ہے ، بلاول بھٹو سے متعلق جو باتیں کہہ چکا ہوں ان پر قائم ہوں ،تاہم ان سے میری صلح ہو چکی۔ جتنی غریب آدمی کو بجلی اورگیس میں مارپڑی و ہ نواز شریف اورزرداری کی وجہ سے پڑی،2بلین ڈالر کا قرض اورہم میٹروٹرین چلارہے ہیں۔ عمران خان کی حکومت کو کوئی خطرہ نہیں، خطرہ ان کو ہے جو احتساب کے کٹہرے میں کھڑے ہیں۔وزیر اعظم عمران اور پی ٹی آئی سے کوئی اختلافات نہیں، ان کیساتھ چٹان کی طرح کھڑا ہوں۔ کسی کو کوئی ڈیل یا ڈھیل نہیں دی جارہی۔ عمران کسی کواین آر او نہیں دینگے ، کوشش کرنیوالوں کو ناکامی ہوگی۔ حکومت آئینی مدت پوری کریگی۔ اپوزیشن کا حکومت مخالف پراپیگنڈہ خود انکی ہزیمت کا سبب بنے گا۔2019میں عمران خان قوم کو مشکلات سے نجات دلائیں گے ۔ وزیراعظم سے حج سبسڈی پر بات کرونگا،تنقید کرنیوالوں کو معلوم ہونا چاہئے کہ ہمیں لوٹا ہوا پاکستان دیا گیا۔ ماضی کے حکمرانوں نے صرف قرض لئے ، عمران خان نے پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔بڑے چوروں کو قانون کے شکنجے میں ہونا چاہئے ۔ اسمبلی اور عدالتوں میں کرپٹ عناصر کیخلاف آواز اٹھانے سے باز نہیں آؤنگا۔ملکی خزانہ کی پائی پائی کا حساب لیا جائیگا۔جن لوگوں پر کرپشن کے الزامات ہیں وہ جلسے جلوسوں کے بجائے عدالتوں میں اپنی بیگناہی ثابت کریں۔ماضی کی حکومت نے ریلوے کو تباہ و برباد کرکے رکھ دیا ، اب خسارے کو منافع میں تبدیل کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ ریلوے کے نظام کو عوام کی خواہش کے مطابق اپ گریڈ کیا جارہا ہے ۔ٹرینوں کی تعداد میں مزید اضافہ کیلئے بھی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، ابھی حکومت کو صرف پانچ ماہ ہوئے ہیں اور ہم نے ریلوے کے نظام میں انقلابی تبدیلیاں لا کر عوام کو جو ریلیف دیا ہے اسکی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ پوری دنیا کی طرح ہم بھی مظلوم کشمیری مسلمانوں کیساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔ شیخوپورہ ریلو ے سٹیشن پر عوامی مسلم لیگ کے صدر چودھری مرتضیٰ ورک اور پی ٹی آئی کے چودھری ماجد منظور کاہلوں کی قیادت میں کارکنو ں نے شیخ رشید کا استقبال کیا اور ان پر گل پاشی کی۔ شیخ رشید کی آمد کے موقع پر ریلوے سٹیشن پر صفائی ستھرائی کے عارضی طور پرانتظامات کئے گئے تھے ۔