اسلام آباد(آئی این پی) مسلم لیگ(ن) کے رکن قومی اسمبلی کیپٹن (ر)صفدر نے کہا ہے کہ نواز شریف 2018کے الیکشن کے بعد واپس آرہا ہے ، روک سکو تو روک لو، عمران خان جتنا چاہے کچرا اکٹھاکرلیں، ان کو وزارت عظمیٰ نہیں ملنے والی،امپائر کوشش کر رہے ہیں عوام کو کسی طرح عمران خان کے ساتھ کھڑا کیا جائے لیکن عوام ان کی کوششوں کو ناکام بنا دیں گے ، اگر اس پارلیمان نے امپائر کے اشاروں کو توثیق نہ دینے کا تہیہ کر لیا تو پھر آئندہ بھی جمہوریت چلتی رہے گی،بڑی مشکل تک ہم اس ملک کو 2018کے انتخابات تک لیکر آئے ہیں آگے اب عوام فیصلہ کریں وہ کیا چاہتے ہیں۔جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا پاکستان میں جمہوری عمل اب مضبوط ہوچکا اور عوام میں آگہی آچکی ہے ، اب عوام ہی اپنے ووٹ سے آئندہ انتخابات میں ٖفیصلہ کریں گے کہ آئندہ حکومت کون کرے گا۔ 70سال کی تاریخ میں ان 5سالوں میں پاکستان نے مثالی ترقی اور خوشحالی دیکھی ہے ، ہمارے خلاف سازشیں بھی ہو رہی تھیں اور ہم عوام کی خدمت بھی کر رہے تھے ، نواز شریف کا بیانیہ عوام میں تیزی سے مقبول ہورہا ہے جس سے مخالفین خائف اور سازشیں کر رہے ہیں کہ عوام کو نواز شریف سے کس طرح متنفر کیا جائے ۔