ملتان،بورے والا(سپیشل رپورٹر،نامہ نگار)تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے گزشتہ روز عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں این اے 156 اور این اے 157 کی مختلف یونین کونسلوں کا دورہ کیااور مختلف وفود سے ملاقاتیں کیں، اس موقع پر مخدوم شاہ محمود قریشی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملتان کی گلیوں ‘ سڑکوں اور علاقوں کی حالت دیکھ کر مایوسی ہوتی ہے ۔ جو پیسہ ملتان کی ترقی پر خرچ ہونا چاہئے تھا وہ میٹرو اور سپیڈو کی خالی بسوں کے ایندھن پر ضائع ہو رہا ہے ۔ اگر یہی پیسہ ملتان کی صحت ‘ صفائی ‘ تعلیم پر لگایا جاتا تو ملتان کا نقشہ بدل جاتا۔ اس موقع پر یونین کونسل 56 میں رونگھا برادری نے پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا،شاہ محمود قریشی نے یونین کونسل راواں کا دورہ بھی کیا علاوہ ازیں شاہ محمود قریشی سے پی ٹی آئی کے رہنما غلام مصطفیٰ بھٹی نے ملاقا ت کی،شاہ محمود قریشی نے کہا کہ نواز شریف اینڈ کمیٹی کی بساط لپیٹی جا چکی ہے ملکی سا لمیت کے خلاف نواز شریف کا بیانیہ کسی طور پر بھی قابل قبول نہیں ۔