لندن (غلام حسین اعوان،مانیٹرنگ ڈیسک،این این آئی )سابق وزیر اعظم نواز شریف کا لندن کے گائیز اینڈ تھامس ہسپتال میں طبی معائنہ کیا گیا۔صدر مسلم لیگ ن شہبازشریف، ڈاکٹر عدنان، حسین نواز اور حسن نواز بھی ان کے ہمراہ تھے ، طبی معائنے کے بعد نوازشریف ایون فیلڈ اپارٹمنٹس پہنچ گئے ۔ہسپتال کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا نوازشریف کے کچھ ٹیسٹ ہوئے ، آئندہ چند روز میں مزید ٹیسٹ بھی کئے جائینگے ، مرض کی تشخیص ہوجائے پھر باقاعدہ علاج شروع ہوگا، پلیٹ لیٹس میں کمی کی وجوہات کا پتہ لگائیں گے ، گائیز اینڈ تھامس ہسپتال کے ڈاکٹرز نے انویسٹی گیشن شروع کردی ،نوازشریف ملک کا اثاثہ ہیں ، اللہ انہیں صحت دے ۔نواز شریف کے صاحبزادے حسین نواز نے کہاوالدکو علاج کے لیے امریکہ جانا چاہیے کیونکہ ضرورت ہے کہ ان کی بیماریوں کا علاج ایک جگہ ہو۔ اس وقت ہمارے لیے ایک ہی چیزاہم ہے اور ان کا علاج ہے ، اس کے بعد باقی معاملات دیکھیں گے ،ان کا علاج کہاں ہوگا آپ اس چیز کو خفیہ رکھنے میں مدد کریں کیونکہ جس طرح ہماری والدہ کی بیماری اور علاج کو سیاسی بنانے کی کوشش کی گئی تھی ہمیں اس سے گریز کرنا ہے ،نواز شریف کا تفصیلی معائنہ ہوگا جس کے بعد ڈاکٹر سے ان کی بیماری کی وجوہات جان سکیں گے ۔نواز شریف کو زہر خورانی کے بیان سے متعلق سوال پر حسین نواز نے کہا کہ میں نے خدشے کا اظہار کیا تھا اور سوشل میڈیا پر بھی بہت سے لوگوں نے سوال اٹھایا تھا کہ تھرمبو سائیٹوپینیا یعنی انسان کے جسم میں پلیٹ لیٹس کی کمی کی ایک وجہ زہر خورانی بھی ہوتی ہے ،زہر خورانی سے متعلق تحقیقات ہونی چاہئے ،یہاں انسانی ہمدردی کوئی چیز نہیں تاہم میں کوئی سیاسی بات نہیں کرنا چاہتا، ساری قوم سے درخواست ہے نواز شریف کی صحت کیلئے دعا کرے ۔سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا پلیٹ لیٹس کم ہونے کی وجہ جلد پتہ چل جائیگی،نواز شریف کا پہلا علاج برطانیہ ہی میں ہو گا لیکن اس کے بعد ضرورت پڑنے پر علاج کے لیے کہیں بھی جا سکتے ہیں،ایون فیلڈ فلیٹس کو میاں صاحب کے علاج کے لئے آئی سی یو میں تبدیل کردیا گیا ،ان کے تمام ذاتی معالجین یہاں موجود ہیں، بیگم کلثوم نواز کی بیماری پر کافی سیاست کی گئی تھی۔شریف فیملی کے ذرائع کے مطابق ہسپتال میں نوازشریف کے دل کا معائنہ کیاگیا اورہیماٹولوجی اور پی ای ٹی سکین کے علاوہ دیگرٹیسٹ بھی کئے گئے ۔ نواز شریف نے ہسپتال میں ڈیڑھ گھنٹہ گزارا، وہ ڈیڑھ بجے ہسپتال آئے اور تقریبا تین بجے واپس گئے ۔سنٹرل لندن میں لندن برج اور کنگز کالج سے ملحقہ گائزہسپتال بارو آف ساؤتھ ورک میں واقع ہے ،یہ ٹیچنگ ہسپتال ہے جو سینٹ تھامس ہسپتال اور کنگزکالج ہسپتال سے منسلک ہے ،34منزلہ پر مشتمل ہسپتال کو دنیا کا پانچواں کثیر المنزلہ ہسپتال ہونے کا اعزازبھی حاصل رہاہے ۔