لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) پیپلزپارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہاکہ نوازشریف بیمار تھے حکومت نے انہیں مکمل تسلی کے بعد باہرجانے دیا، پروگرام دی لاسٹ آورمیں میزبان یاسررشیدسے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے ما ضی کے کچھ حوالے دیئے ان کا مطالبہ تھاکہ اب ہمیں آئینی حکمرانی کی طرف جانا چاہئے یہ پی پی گزشتہ پچاس سال سے کررہی ہے ۔نوازشریف کو اپنا علاج کرانا اورواپس آناچاہئے کیونکہ سیاست عوام کے اندر رہ کرہی کی جاتی ہے ۔مسلم لیگ ن کے رہنما چودھری جعفر اقبال نے کہاکہ ہمارے بیانیے میں کوئی تبدیلی نہیں آئی نہ صرف نوازشریف بلکہ کارکنوں کا بھی یہی بیانیہ ہے کہ ووٹ کوعزت دو۔ انہوں نے کہاکہ فیاض چوہان کی بہت سی باتیں سننے کے لائق نہیں ہوتیں ۔ ایک سوال کے جواب میں کہاکہ میاں نوازشریف جلد واپس آئیں گے اوراس تحریک کو لیڈ کرینگے ۔ تحریک انصاف کی رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہاکہ سا نحہ موٹروے کے مرکزی ملزم عابد ملہی کا پراسرار طریقے سے غائب ہوجانا قابل تشویش ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ ملک میں مہنگائی ہے ہم نے اپنے لوگوں کی فی کس آمدنی کو بڑھانا ہے اوراس پرکام ہورہاہے ۔موجودہ سال پاکستان اورپاکستانی عوام کیلئے اچھا ثابت ہوگا عوام خوشحال ہونگے ۔سینئر صحافی رانا عظیم نے کہا کہ ساری دنیا میں ویڈیو چل رہی ہے جس میں بھارتی انتہا پسند ہندو کس طرح سے مسجد کو شہید کررہے ہیں اوربھارتی عدالت کہتی ہے کہ شواہد نہ ہونے پر بری کرتے ہیں یہ فیصلہ انسانیت کے خلاف ہے ۔ اس فیصلے سے بھارت کا چہرہ پوری دنیا میں بے نقاب ہوگیا ۔