اسلام آباد،لاہور (سپیشل رپورٹر،نمائندہ خصوصی سے ،وقائع نگار،92نیوزرپورٹ )سابق صدر آصف زرداری نے سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کو ٹیلیفون کیا اور ان کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کی۔آصف زرداری کا کہنا تھاوالدہ کا انتقال اولاد کیلئے بہت بڑا سانحہ ہوتا ہے ۔ آپ اور آپکے خاندان کے غم میں برابر کا شریک ہوں۔مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے بھی میاں نوازشریف سے ٹیلیفو ن پر رابطہ کیا ۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا آپ کی والدہ سے دو مرتبہ ملاقات ہوئی ، وہ انتہائی ملنسار اور شفیق خاتون اورہمیشہ بہت پیار سے پیش آتی تھیں۔ذرائع کے مطابق نوازشریف نے چودھری شجاعت کی صحت کے بارے میں دریافت کیا اور کہا دعا ہے اللہ تعالیٰ آپ کو جلد صحتیاب کرے ۔ چودھری پرویزالٰہی نے نواز شریف سے گفتگو کرتے ہوئے کہا آپ کی والدہ تمام خاندان کیلئے ایک شفیق سائبان تھیں، دعا ہے اللہ تعالیٰ آپ کی والدہ کو جنت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے ۔ چودھری شجاعت اور پرویزالٰہی نے میاں نوازشریف سے ان کی صحت کے بارے میں بھی دریافت کیا جس پر انہوں نے بتایا مجھے گردوں کا انفیکشن ہے ۔ میاں نوازشریف نے چودھری شجاعت اور پرویزالٰہی سمیت ان کے تمام اہلخانہ کا شکریہ ادا کیا۔ ادھر جاتی عمرہ میں بیگم شمیم اخترکے انتقال پر مریم نواز سے اظہار تعزیت کیلئے آنے والوں کا سلسلہ دن بھر جاری رہا۔ پارٹی کے بعض سینئر رہنمائوں نے بھی جاتی عمرہ میں مریم نواز سے ملاقات کرکے اظہار تعزیت کیا۔ رانا ثنا اللہ ،عطاتارڑ ،ایاز صادق، سعد رفیق،انجینئر امیر مقام،مریم اورنگزیب و دیگر ماڈل ٹائون پہنچے اور بیگم شمیم اختر کے انتقال پر اظہار تعزیت اورفاتحہ خوانی کی۔ مرحومہ کی روح کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی بھی کی گئی۔