لاہور،اسلا م آباد ،راولپنڈی ،کراچی ،شیخوپورہ ، گوجرانوالہ ،فیصل آباد ،بہاولپور ،رحیم یارخان(خصوصی نمائندہ ، سپیشل رپورٹرز،سٹاف رپورٹرز،خصوصی رپورٹرز، ڈسٹرکٹ رپورٹر ز،نامہ نگاران،مانیٹرنگ ڈیسک) احتساب عدالت کی جانب سے نوازشریف خاندان کیخلاف ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ سنائے جانے کے بعد ملک کے مختلف شہروں میں کہیں جشن منایاگیا،بھنگڑے ڈالے گئے اور مٹھائیں تقسیم کی گئیں،وزیراعظم عمران خان کے نعرے لگائے تو کہیں ن لیگی کارکنوں نے احتجاج کرتے ہوئے سڑکیں بلاک کیں اور ٹائر نذر آتش کئے ۔ادھر لندن میں بھی نواز شریف کی رہائش گاہ ایون فیلڈ اپارٹمنٹس کے سامنے لیگی کارکن جمع ہوگئے اور سابق وزیر اعظم کے حق میں نعرے لگائے ۔ لاہور،اسلام آباد میں احتساب عدالت کے باہراورشہرکے مختلف مقامات کے علاوہ شیخوپورہ،سیالکوٹ،سرگودھا ،فیصل آباد ،جھنگ ،ساہیوال ،شجاع آباد،بہاولپور،رحیم یار خان ، وہاڑی ، رحیم یارخان ، ملتان،مردان،پشاور،ڈیرہ غازی خان،مری اوردیگرشہروں میں ن لیگ کے کارکنوں نے احتجاجی مظاہرے کئے ، ٹائرجلائے اور احتجاجی ریلیا ں نکالیں جبکہ ان شہروں میں کھلاڑیوں نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے ،مٹھائیں تقسیم کیں اور ایک دوسرے کو مبارکبادیں دیں۔کھلاڑیوں نے فیصلے کو عمران خان کی کرپشن کے خلاف جدوجہد کا نتیجہ قرار دیا۔لاہور میں پی ٹی آئی سیکرٹریٹ اوردیگرمقامات پر پارٹی رہنمائوں اور کارکنوں نے جشن منایا ۔ اس ضمن میں این اے 129سے امیدوارعلیم خان،این اے 127سے امیدوار جمشید چیمہ،این اے 133سے امیدوار اعجاز چودھری نے اپنے انتخابی دفتر میں فیصلہ سننے کے حوالے سے خصوصی اہتمام کر رکھا تھا۔لاہور میں عمران خان کے حلقہ انتخاب این اے 131میں پارٹی رہنمائوں ولید اقبال،سعدیہ سہیل،سنیا ساجد ،تحریک انصاف آزاد کشمیر کے سیکرٹری جنرل غلام محی الد ین دیو اناور دیگر نے مختلف انتخابی دفاتر میں جشن منایا۔ن لیگ کے ’’قلعہ‘‘راولپنڈی میں کوئی کارکن یا لیڈر فیصلے کیخلاف سڑکوں پر آئے اور نہ کی کسی قسم کا کوئی احتجاج کیاگیا۔ضلع گوجرانوالہ میں لیگی کارکنوں کی جانب سے کسی بھی قسم کا ردِ عمل سامنے نہ آیا جبکہ فیصلے کے بعد ن لیگ کے نامزد امیدواروں کے دفاترپر رش میں بھی خاصی کمی نظر آئی ۔ علاوہ ازیں لاہور،اسلام آباد،ملتان، فیصل آباد سمیت ملک بھر میں بالخصوص اہم مقامات پر فیصلے کے بعدممکنہ ردعمل کے پیش نظرسخت حفاظتی اقدامات کئے گئے تھے ۔فیصل آ باد میں لاؤڈسپیکرپرنعروں کے ساتھ ن لیگ کے حامیوں کی ریلی تھانہ گلبرگ کے قریب پہنچ تو پولیس نے مظاہرین قا بو کر نا چاہا ،جس پر متوالے گرفتاری کے ڈرسے ایک گاڑی چھوڑکر فرار ہوگئے ۔ جسے پولیس نے قبضے میں لے لیا۔