اسلام آباد (آئی این پی) سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائدنواز شریف کو دھرنوں کے دوران مستعفی ہونے کا پیغام ایک بزنس ٹائیکون اور اسحاق ڈار کے ذریعے پہنچائے جانے کا انکشاف ہوا ہے ۔ نواز شریف نے اس وقت کے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کو اس صورتحال سے آگاہ کر دیا تھا ۔ مصدقہ ذرائع کے مطابق دھرنے کے دوران پاکستان کے معروف پراپرٹی بزنس ٹائیکون نے اس وقت کے وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ہنگامی طور پر منسٹر کالونی میں ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی اور انہیں پیغام دیا کہ میرا یہ پیغام نواز شریف تک پہنچا دیں ۔اس بزنس ٹائیکون نے یہ تاثر دیا کہ انہیں یہ پیغام ایک خفیہ ایجنسی کے سربراہ نے دیا اور آپ اسے نواز شریف تک پہنچا دیں ۔اسحاق ڈار فوری طور پر وزیر اعظم ہائوس گئے اور پیغام کے حوالے سے نواز شریف کو آگاہ کیا ۔ پہلے سے طے شدہ شیڈول کے مطابق جنرل راحیل شریف کی نواز شریف سے ملاقات ہونا تھی جس میں اسحاق ڈار نے بزنس ٹائیکون کا نام لیکر یہ پیغام دوبارہ سنایا ۔