اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) پیمرا نے نوازشریف کی آج وطن واپسی کی براہ راست کوریج پرپابندی لگا تے ہوئے ایسا کرنے والے پرائیویٹ ٹی وی چینلز کیخلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا۔ پیمرا نے پرائیویٹ ٹی وی چینلزکو جاری کئے گئے ہدایت نامہ میں کہا ہے عدلیہ اور مسلح افواج کیخلاف تقاریردکھانا قواعد کی خلاف ورزی ہے ، نجی ٹی وی چینلز صرف ریکارڈ مواد ہی نشرکرسکیں گے ، بعض ٹی وی چینلز اداروں کیخلاف توہین آمیز نیوز کانفرنسزلائیو نشرکررہے ہیں، ریاستی اداروں کیخلاف پریس کانفرنسز اور تقاریر لائیو نہیں دکھائی جا سکتیں، پرائیویٹ چینلز الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کے پابند ہوں گے ۔ پیمرا نے انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا کوئی ٹی وی چینل ایسا کوئی مواد نشر نہ کرے جس میں ریاستی اداروں یا مذہب کے خلاف بات ہو۔ پاک فوج، عدلیہ اور دیگر ریاستی اداروں کے خلاف نفرت انگیزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، کسی جماعت یا شخصیت کابیان یا اشتہار بھی نشر نہیں کیا جا سکتا جس میں کسی شخص یا ادارہ کو تضحیک کا نشانہ بنایا گیا ہو، خلاف ورزی کرنے والے چینل کو بغیر نوٹس یا سماعت سخت کارروائی کا سامنا پڑ سکتا ہے ۔دوسری جانب نواز شریف کی سرکاری ٹی وی چینل( پی ٹی وی) پر کوریج پربھی پابندی عائد کر دی گئی، مجرم کے بارے میں کسی بھی پروگرام ، ٹاک شو،اشتہارات یا خبروں میں بات نہیں کی جائے گی۔پی ٹی وی کے کنٹرولر نیوز مصدق کلیم کے دستخط سے جاری مراسلہ میں کہا گیا نواز شریف چونکہ مجرم ہیں لہٰذا سرکاری ٹی وی چینل پر ان کی کوریج نہیں ہو سکے گی، نواز شریف کا سرکاری ٹی وی چینل سے مکمل طور پر بلیک آؤٹ ہو گا۔