اسلام آباد (لیڈی رپورٹر) اسلام آباد ہائی کورٹ نے العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنس میں سنائی گئی سزا معطل کر کے ضمانت پر رہائی کی درخواست کی سماعت ملتوی کرتے ہوئے رجسٹرار آفس کو ہدایت کی ہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کی جانب سے سزا کے خلاف دائر اپیل اور سزا معطلی کی درخواستوں کو ایک ساتھ سماعت کیلئے مقرر کیا جائے ۔نوازشریف کی سزا کی معطلی اور ضمانت پر رہائی کی درخواست کی سماعت پیر کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اﷲ اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل ڈویژن بینچ نے کی۔ دوران سماعت چیف جسٹس اطہر من اﷲ نے درخواست گزار کے وکلاسے استفسار کیا کہ احتساب عدالت کی جانب سے العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنس میں سنائی گئی سزا کے خلاف اپیل سماعت کیلئے مقرر نہیں ہوئی ، کیا آپ نے اپیل دائر کی ہے ؟ اس پر نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے بتایا کہ اپیل دائر ہو چکی ہے اور اس پر رجسٹرار آفس نے 1/2019 کا نمبر بھی لگا دیا ہے ، ابھی موسم سرما کی تعطیلات ہیں اور صرف فوری نوعیت کے مقدمات سماعت کیلئے مقرر کئے جا رہے ہیں۔ چیف جسٹس اطہر من اﷲ نے کہا جب اپیل ہمارے سامنے آئے گی تو سزا معطلی کی درخواست پر نوٹس جاری کر دیں گے ۔ خواجہ حارث نے کہا آپ جو مناسب سمجھیں وہ تاریخ مقرر کر دیں، اس پر چیف جسٹس اطہر من اﷲ نے کہا جب رجسٹرار آفس اپیل سماعت کیلئے مقرر کرے گا تو یہ درخواست بھی ساتھ ہی فکس ہو جائے گی، اس حوالے سے بعد میں آرڈر بھی جاری کر دیا جائے گا۔بعد ازاں فاضل ڈویژن بینچ نے احکامات جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔ رجسٹرار آفس جب العزیزیہ میں اپیل کو مقرر کریگا، درخواست ضمانت بھی ساتھ ہی فکس ہوجائیگی