اسلام آباد،لاہور(نامہ نگار،کرائم رپورٹر،92 نیوزرپورٹ،آن لائن) نیب نے سابق وزیراعظم نوازشریف کا پاسپورٹ اور قومی شناختی کارڈ منسوخ کرنے کی سفارش کردی۔ وزارت داخلہ کے حکام نے اس مقصد کے لیے لکھے گئے نیب کے خط کی تصدیق کردی۔خط میں سفارش کی گئی کہ نواز شریف کی سفری دستاویزات منسوخ اوران کاپاسپورٹ اور شناختی کارڈ بلیک لسٹ میں شامل کیا جائے کیونکہ ان کے وارنٹ گرفتاری عدالت سے جاری ہو چکے ہیں اوراشتہاری قرار دینے کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے ۔دوسری جانب نواز شریف اور دیگرلیگی رہنماؤں کے خلاف بغاوت کے مقدمے کی تفتیش کیلئے آئی جی پنجاب انعام غنی کے حکم پر ایس پی سی آئی اے لاہور کی سربراہی میں چارافسران پر مشتمل جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم نے کام شروع کر دیا، ٹیم کا سربراہ ایس پی سی آئی اے عاصم افتخار کمبوہ کو مقرر کیا گیا جبکہ اس میں ڈی ایس پی شفیق آباد محمد غیاث، انچارج سی آئی اے اقبال ٹاؤن انسپکٹر طارق الیاس کیانی اور انچارج انویسٹی گیشن شاہدرہ سب انسپکٹر شبیر اعوان شامل ہیں،ذرائع کا کہنا ہے ملزمان کی گرفتاریوں کے حوالے سے سی سی پی او محمد عمر شیخ لائحہ عمل دینگے ،مقدمہ میں ملزمان کو شامل تفتیش بھی کیا جائے گا۔ اسلام آباد(سٹاف رپورٹر،92نیوز رپورٹ، آن لائن) اسلام ا ٓبادہائیکورٹ نے العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنس میں نوازشریف کی بذریعہ اشتہار طلبی کا تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے لیگی قائد کو 24نومبر کو پیشی کیلئے آخری موقع دے دیا۔جسٹس عامرفاروق اور جسٹس محسن اخترکیانی پر مشتمل ڈویژن بنچ نے حکمنامہ میں کہااشتہار اردو اور انگلش اخبار کے لندن ایڈیشن میں شائع کیا اور اسے ہائی کمیشن کے ذریعے برطانیہ بھیجا جائے ، اخراجات وفاقی حکومت ادا کریگی،عدالت کے پاس نواز شریف کو اشتہاری قرار دینے کی کاروائی شروع کرنے کے علاوہ کوئی دوسرا آپشن نہیں بچا،وزارت خارجہ اشتہار ان کی لندن کی رہائشگاہ پہنچانے کیلئے اقدامات کرے ، عدالت نے رجسٹرار آفس کو کیس دوبارہ 24 نومبر کو فکس کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاآئین کے آرٹیکل 87 کے تحت اشتہاری ہونے کی کارروائی کا آغاز کرتے ہیں،ممکن نہیں نواز شریف اسلام آباد ہائیکورٹ میں زیر سماعت اپیل سے لاعلم ہوں،نواز شریف کے وارنٹ گرفتاری جاری ہونے پر ان کے وکیل خواجہ حارث دوبارہ پیش نہیں ہوئے ، گواہوں اور دستاویزات سے ثابت ہے کہ نواز شریف کے وارنٹ کی تعمیل کی ہر ممکن کوشش کی گئی۔ادھروفاقی حکومت نے العزیزیہ ، ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کی بذریعہ اشتہار طلبی کیلئے اشتہار کے اخراجات اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرا دئیے ، گزشتہ روز عدالتی حکم پر رجسٹرار آفس میں 60 ہزار روپے جمع کرائے گئے ،وفاقی حکومت کی جانب سے عدالت میں جمع کرائے گئے خط میں استدعا کی گئی کہ انصاف کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اشتہار جاری کرنے کا عمل جلد مکمل کیا جائے ۔