لاہور(سٹاف رپورٹر،این این آئی، آن لائن )قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف و (ن) لیگ کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے نواز شریف کی صحت بہتر نہیں ، ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہوں۔ خصوصی بچوں کی کاوشوں سے سبق ملتا ہے ہمیں کبھی ہمت نہیں ہارنی چاہیے اور خواہ حالات جتنے بھی مشکل ہوں محنت اور کوشش نہیں چھوڑنی چاہیے ۔الحمرا آرٹ کونسل میں خصوصی بچوں کی بنائی ہوئی پینٹنگز کی نمائش میں شرکت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے میری بیٹی عائشہ کئی سال سے سکول چلا رہی ہے ، مجھے اپنی بیٹی پربہت فخر ہے اور میرے پاس ان کی تحسین اور تعریف کیلئے الفاظ نہیں ۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جسینڈا آرڈرن کو خط لکھا ہے ۔ شہباز شریف نے کہا آپ نے حملے کی مذمت کر کے بتایا کہ دہشت گردی کا تعلق مذہب سے نہیں۔دعاگو ہیں کہ آپ اسی جذبے اور قوت سے حکومت کرتی رہیں۔کاش دنیا کے دیگر لوگ بھی آپ کے طرز عمل سے دیکھ سکیں۔ دریں اثنا پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے کہا نواز شریف کی بیماری پر سیاست نہیں ہونی چاہیے ، جب عمران خان سٹیج سے گرے اور بینظیر شہید ہوئیں تو نواز شریف خود ہسپتال گئے تھے ۔ الحمرا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کئی ماں باپ کے بچے ہسپتالوں میں زندگی موت کی جنگ لڑرہے ہیں، ہمارا دین انسانیت کا درس دیتا ہے ،اس دنیا میں ترقی کی دوڑ میں آگے بھاگے جارہے ہیں،ہمیں اپنے بچوں کو ان کے پیروں پر کھڑا کرنا ہے ۔