لاہور(جنرل رپورٹر،سٹاف رپورٹر،92نیوز رپورٹ، آن لائن)سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صحت بدستور ناساز ہے اور ڈاکٹرز کے بار بار ادویات میں ردوبدل کے باوجودان کی طبیعت میں کوئی بہتری نہیں آ رہی،طبی ماہرین نے سابق وزیر اعظم کو امریکہ لیجانے کا مشورہ دیدیا، قوی امکان ہے ائیر ایمبولینس آج پاکستان پہنچ جائے اور طبی تیاری کے بعدسوموار یامنگل کے روز نوازشریف علاج کے لئے لندن روانہ ہوجائیں۔ذرائع کے مطابق پروفیسر ڈاکٹر طاہر شمسی نے جاتی عمرہ میں نواز شریف کا طبی معائنہ کیا، انہوں نے کہا جسم پر سوجن و دیگر اثرات کے باعث ادویات میں ایڈ جسٹمنٹ کی گئی۔ معالجین نے نواز شریف کو پلیٹ لیٹس کی کمی کے عارضہ سمیت دماغ کو خون پہنچانے والی شریانوں میں تنگی، دل، گردوں، بلڈ پریشر اور شوگر کے امراض لاحق ہونے کے باعث ماس جنرل ہسپتال بوسٹن لے جانے کی تجویز دی ہے جو پلیٹ لیٹس کی کمی کے علاج کے حوالے سے دنیا کا بہترین سنٹر ہے ۔ آئی ٹی پی کے مستند معالج ڈاکٹر ڈیوڈ کٹر اس کے سربراہ ہیں، ماس جنرل ہسپتال بوسٹن میں نواز شریف کو لاحق مختلف امراض کا ایک چھت تلے علاج میسر ہوگا۔ڈاکٹرز کا کہنا ہے نواز شریف کی موجودہ تشویشناک صحت کا اب ہارلے سٹریٹ کلینک لندن میں بھی علاج ممکن نہیں۔ذرائع کے مطابق شریف فیملی کی جانب سے ماس جنرل ہسپتال بوسٹن، جان ہاپکنز سمیت امریکہ کے دیگر جدید سہولتوں کے حامل ہسپتالوں سے علاج کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے ۔شریف خاندان کے ذرائع کے مطابق نوازشریف کے صاحبزادے حسین نواز کی ہارلے سٹریٹ کلینک لندن میں سابق وزیراعظم کے چیک اپ کیلئے ڈاکٹرز سے مشاورت ہوگئی ہے اوراس کے بعد ہی سابق وزیر اعظم کوبوسٹن لے جانے پر اتفاق کیا۔لندن پہنچتے ہی نوازشریف کوہارلے سٹریٹ کلینک لے جایاجائیگا اور 2 سے 3 روز علاج اور حالت کچھ بہتر ہونے کے بعدبوسٹن کے ہسپتال میں لے جایا جائے گا۔ ایئرایمبولینس کے معاملات حسین نوازدیکھ رہے ہیں۔ شریف خاندان کے ذرائع کے مطابق نواز شریف کی بیرون ملک روانگی کیلئے تمام ضروری سامان پہلے سے پیک ہے ۔ ایئر ایمبولینس فراہم کرنے والی کمپنی سے رابطہ کر لیا گیا اور کلیئرنس ملتے ہی ائیر ایمبولینس قطرسے لاہورکے پرانے ایئرپورٹ پر پہنچے گی،لاہورمیں مریم نوازاپنے والد کے سفری معاملات دیکھ رہی ہیں،نوازشریف کے ساتھ شہباز شریف اورڈاکٹرعدنان بھی لندن روانہ ہونگے ،جنید صفدر بھی ساتھ جاسکتے ہیں۔نواز شریف کو شریف میڈیکل سٹی کی ایمبولینس کے ذریعے ائیرپورٹ منتقل کیا جائے گا ،ایمبولینس نواز شریف کو ائیرپورٹ کے حج ٹرمینل کے راستے ایئر ایمبولینس تک لے جائے گی۔مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا نواز شریف کی روانگی کا سامان تیار ہوگیا ہے ، کلیئرنس سرٹیفکیٹ ملنے پر ایئرایمبولینس تیار ہوگی۔