کراچی ،اسلام آباد( سٹاف رپورٹر ،خصوصی نیوز رپورٹر، 92 نیوزرپورٹ ،نیوزایجنسیاں) وفاقی حکومت نے مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کے وطن واپس نہ آنے پران کے ضمانتی شہباز شریف کیخلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے ۔ کراچی میں پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی کے عالمگیر خان کے والد کے انتقال پر تعزیت اور فاتحہ خوانی کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہاشہباز شریف نے نواز شریف کی واپسی کیلئے بیان حلفی جمع کرایا تھا، نواز شریف واپس نہیں آ رہے تو اٹارنی جنرل سے کہا گیا ہے وہ لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کریں،ہائیکورٹ کو شہبازشریف کے بیان حلفی پر نوٹس لینا چاہیے ، لاہور ہائیکورٹ کارروائی نہیں کر رہی اسلئے حکومت کو فریق بننا پڑے گا، اٹارنی جنرل کو نواز شریف کی واپسی کیلئے اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ تیس سال کی خرابیاں تین سال میں دور نہیں کی جا سکتیں،آج پاکستان اپنے پائوں پر کھڑا ہے ، ملک کی عمومی صورتحال میں بہتری آ رہی ، پاکستان معاشی استحکام کیطرف واپس آ رہا ہے ،نیا سال پاکستان کی ترقی و خوشحالی کا سال ہوگا،آئی ایم ایف پروگرام ملنے سے پاکستان میں صورتحال بہتر ہوگی،روپے کی قدر میں استحکام آ رہا ہے ،گزشتہ تین سال میں ایک روپیہ سٹیٹ بینک سے قرضہ نہیں لیا گیا، نواز شریف اور اسحاق ڈار نے ٹریلین روپے سٹیٹ بینک سے چھپوائے اور قرضہ لیا۔ہم آزاداور خودمختار اداروں پر یقین رکھتے ہیں،سٹیٹ بینک کا آزاد اور خودمختار ہونا پاکستان کے مفاد میں ہے ،سٹیٹ بینک کے بورڈ آف گورنرز کی تقرری حکومت نے کرنی ہے ، ہم نے سٹیٹ بینک کوگروی نہیں رکھا، جب اسحاق ڈار وزیر خزانہ تھے تو اس وقت کے ڈپٹی گورنر سٹیٹ بینک ان کیلئے منی لانڈرنگ کر رہے تھے ۔ عالمی منڈی میں قیمتیں بڑھنے کے باعث پاکستان میں مہنگائی ہوئی، تیل کی قیمتوں کا تعین اوگرا کرتا ہے ،عالمی منڈی میں قیمتیں کم ہوں گی تو یہاں بھی کم ہوں گی،جب تیل کی قیمتیں بڑھتی ہیں تو ہیڈ لائن شائع کر دی جاتی ہے لیکن جب کم ہوتی ہیں تو میڈیا خاموش رہتا ہے ۔عالمی سطح پر کھاد کا بحران ہے جبکہ پاکستان میں اب بھی کھاد سب سے سستی ہے ، دنیا میں یوریا کی قیمت 10ہزار روپے جبکہ پاکستان میں 1700سے 2000 روپے بوری ہے ،پاکستان کی تاریخ میں گزشتہ سال سب سے زیادہ یوریا کی پیداوار ہوئی۔فنانس بل 15سے 20 جنوری تک منظور ہوجائے گا، اتحادی ہمارے ساتھ ہیں اور پارٹی متحد ہے ۔ مالیاتی بل میں ایسی کوئی شق نہیں جس پر اعتراض کیا جاسکے ، کھانے پینے کی اشیاء پر30 فیصد رعایت دے رہے ہیں، گزشتہ سال پاکستان کی بڑی کمپنیوں نے 929 ارب روپے کا منافع کمایا، میڈیا کے پرافٹ میں 33 سے 40 فیصد اضافہ ہوا، حکومت نے تنخواہوں میں15 سے 20 فیصد اضافہ کیا،نجی شعبہ بھی تنخواہوں میں اضافہ کرے ۔پنجاب میں صحت کارڈ کی سہولت فراہم کر دی گئی ، سندھ حکومت بھی عوام کو صحت کارڈ کی سہولت فوری فراہم کرے ،پتہ نہیں مرادعلی شاہ اور پیپلز پارٹی سندھ کے لوگوں سے کس چیز کا بدلہ لے رہے ہیں۔برطانوی نشریاتی ادارے سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات نے کہا بھائی کی ضمانت کے معاملے پر حکومت نے شہباز شریف کیخلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا ہے ، حکومت شہبازشریف کیخلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کرے گی،عدالت عالیہ کو ازخود نوٹس لیتے ہوئے شہباز شریف کو طلب کرنا چاہیے تھالیکن ابھی تک اس معاملے پر کوئی کارروائی نہیں ہوئی، اسلئے وفاقی حکومت نے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔وفاقی وزیر اطلاعات نے اپنے ٹویٹ میں کہا لاہور ڈویژن میں صحت کارڈ کی سہولت میسر ہو گئی ،آئندہ 45 دنوں میں پنجاب کے تمام خاندان صحت کارڈ کے ذریعے 10 لاکھ تک سالانہ کے علاج کے اہل ہوں گے ، اس انقلابی پروگرام سے لوگوں کی صحت کے اخراجات اب ان کے بجٹ کا حصہ نہیں رہے اور یہ خرچ مکمل طور پر حکومت اٹھارہی ہے ۔