لاہور(نمائندہ خصوصی سے )صوبائی وزیر داخلہ شوکت جاوید نے کہا ہے کہ نواز شریف کی آمد پر اگر ضرورت پڑی تو رینجرز کو بلا لیا جائیگا۔سابق وزیر اعظم کی آمد پر ائیر پورٹ سے ملحقہ راستے بند نہیں کیے جائیں گے ۔ تاہم ایئر پورٹ کی حفاظت کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا سکتے ہیں۔ تمام سرکاری اہلکار اور عبور ی حکومت کے نمائندے وزرا اور چیف منسٹر سب نیوٹر ل ہیں۔میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے شوکت جاوید نے کہا کہ یہ تاثر درست نہیں کہ عبوری حکومت کسی ایک سیا سی جماعت سے امتیازی سلوک روارکھے ہوئے ہے ۔ الیکشن وقت پر ہوں گے ۔( ن) لیگ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ضابطہ اخلاق پر عمل کرے تو انہیں کسی قسم کی رکاوٹ کا سامنا نہیں کرنا پڑیگا۔ تمام سیاسی پارٹیوں کو ریلیز نکالنے ،جلسہ کرنے اور تقریر کی مکمل آزادی حاصل ہے ۔تاہم یہ آزادی الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق سے منسلک ہے ۔ انہوں نے کہ ائرپورٹ ایک پروٹیکٹڈ جگہ ہے جہاں مجاز عملہ اور مسافر کے سوا کوئی داخل نہیں ہوسکتا ۔ اگر کسی نے سیاست چمکانے کے لیے اندر داخل ہونے کی کوشش کی تو اسے قانون کا سامنا کرنا پڑے گا۔