اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزرا ء نے کہا ہے نواز شریف اپنے کئے کی سزا پا رہے ہیں،لیگی قائد نے آناہے نہ آناچاہتے ہیں، نواز شریف واپس آجائیں جتنی چاہیں سکیورٹی دینگے ، نواز شریف کو پاکستان واپس لانے کی بھرپور کوششیں جاری ہیں، برطانیہ سے 15 روز تک مجرموں کی حوالگی کے معاہدے پر دستخط ہوں گے ،عمران خان چاہتے ہیں نواز شریف کو پہلی فرصت میں واپس لایا جائے ۔نوازشریف کی اپیلیں خارج ہونے پراپنے ردعمل میں 92نیوزسے گفتگومیں وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہایہ درخواستیں توخارج ہی ہونی تھیں،ایک آدمی باہربھی رہناچاہتاہے اوربری بھی ہوناچاہتاہے ،میاں برادران زندگی کی گارنٹی مانگتے ہیں،زندگی کی گارنٹی تو اللہ کے پاس ہے ، اپوزیشن سے ہمیں کوئی خطرہ نہیں، وہ ایک ٹکٹ میں دو مزے لے رہے تھے ، مریم نواز نے عندیہ دیا تھا کہ والد صحتمند ہیں، یہ سب باتیں ان کے خلاف جا رہی ہیں۔ وزیراطلاعات فوادچودھری نے کہا نوازشریف کیس کافیصلہ انصاف اور حکومت کی فتح ہے ، نوازشریف نے اپنی جائیداد سے متعلق جھوٹ بولا، حسن اور حسین مقدمے میں مفرور ہیں،منی لانڈرنگ کے فیصلے سے لندن فلیٹس خریدے گئے ، حدیبیہ کے ذریعے پیسہ باہربھیجاگیا،شریف خاندان کو پاکستان کے عوام سے لوٹا ہوا پیسہ واپس کرنا چاہئے ۔وزیرمملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے عدالتی فیصلے کو خوش آئند قراردیااور کہا مریم صفدرنے بھی تسلیم کیاکہ نوازشریف صحتمندہیں،وہ اگلی ہی فلائٹ سے واپس آسکتے ہیں،عدالتی فیصلے کے بعدمریم صفدرکوانہیں واپس بلالیناچاہئے ۔مشیرداخلہ و احتساب شہزاداکبرنے کہاحکومت کاموقف پہلے دن سے واضح ہے ،نوازشریف سزایافتہ،مفرورہیں،حکومت برطانوی حکومت کودوخط لکھ چکی،برطانوی حکومت نے فیصلہ کرناہے ۔معاون خصوصی شہبازگل نے کہا ہر کرپٹ سیاستدان کا احتساب ہو گا بھلے وہ کسی بھی جماعت سے ہی ہو۔ نوازشریف تو پہلے ہی اشتہاری تھے اب اشتہاری پلس ہوگئے ، پوری کوشش ہے مفرور کو واپس لایاجائے ۔مشیرپارلیمانی اموربابراعوان نے کہااپیل خارج ہونے پرنوازشریف کابرطانیہ میں رہنامشکل ہوجائے گا، اب یہ طے شدہ وقت میں سپریم کورٹ میں اپیل دائرکرسکتے ہیں،گارنٹی لینے والے شہبازشریف کے خلاف بھی ایکشن ہوسکتاہے ۔سینیٹر علی ظفر نے ٹویٹ میں کہاعدالت نے سزا کیخلاف نواز شریف کی اپیل خارج کردی،اب ان کی سزا بحال ہے ،اس فیصلے سے ان کو پاکستان واپس لانے میں مدد ملے گی۔