لاہور،فیصل آباد،سرگودھا،بھلوال(خصوصی رپورٹر ، سپیشل رپورٹر،نامہ نگار،نیوزایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک ) مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ پارٹی قائد سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کے استقبال کیلئے ہر آئینی اور قانونی راستہ اپنائیں گے ۔ گزشتہ روزماڈل ٹائون لاہور میں 13جولائی کو نواز شریف اور مریم نواز کے استقبال کی تیاریوں سے متعلق جائزہ اجلاس اور بذریعہ ویڈیو لنک فیصل آباد کے ن لیگی امیدواروں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ ہر طرح کے جبر کے باوجود ن لیگ الیکشن میں اکثریتی جماعت بن کر ابھرے گی۔ نواز شریف نے بڑا دلیرانہ فیصلہ کیا ہے ، پورے پنجاب سے کارکن لاہور پہنچیں گے ، ہمارے شیروں کا راستہ کوئی نہیں روک سکتا۔ کارکن استقبال میں بھرپور شرکت کریں، مگر گرفتاریوں سے بچیں۔ عمران خان نے پانچ سال دھرنے کے علاوہ کچھ نہیں کیا، 25 جولائی کا سورج ن لیگ کی فتح کی نوید لائے گا۔ لاہور میں نوازشریف کے استقبال کیلئے کم بیش دس لاکھ افراد اکٹھے ہونے چاہئیں۔ نوازشریف کی لندن سے وطن واپسی کی وجہ سے فیصل آباد کو جلسہ منسوخ کیا گیا ہے ۔ عوام 25جولائی کو کارکردگی کی بنیاد پر شیر کو ووٹ دینگے ۔ شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں سینیٹر مشاہد حسین سید، سپیکر صوبائی اسمبلی رانا اقبال ، سابق وزیر دفاع خرم دستگیر ، حمزہ شہباز، خواجہ سعد رفیق ، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اورلاہور ڈویژن کے ٹکٹ ہولڈرز و دیگر نے شرکت کی جبکہ ویڈیو لنک پر فیصل آباد سے رانا ثنااﷲ، ملتان سے وحید آرائیں اور بہاولپور سے بلیغ الرحمٰن بھی موجود رہے ۔ اس موقع پر تمام ن لیگی امیدواروں کو ہدایت کی گئی کہ وہ زیا دہ سے زیا دہ کارکنوں کو لے کر ایئر پورٹ پہنچیں ۔ 13جولائی کو تمام انتخابی سرگرمیاں معطل کر دی جائیں اور لاہور ایئر پورٹ پر بھرپور طاقت کا مظاہر ہ کیا جائے ۔ اجلاس میں انتظامیہ اور پو لیس کے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا اور لائحہ عمل تیار کر نے کی ہدایت کی گئی۔ امیدواروں سے کہا گیا کہ انتخابی مہم کا دارومدار لاہور ایئر پورٹ کے استقبال پر ہے ، اگر آپ لوگ وہاں بڑی تعداد میں لوگوں کو اکٹھا کر نے میں کامیاب ہو گئے تو انتخابی فضاء آپ کیلئے ہموار ہو جائیگی۔ بعد ازاں رانا اقبال نے میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے کہا کہ ہم پر امن استقبال کر نا چاہتے ہیں ، میاں نواز شریف ہمارے قائد ہیں ، ان کیلئے ہر چیز حاضر ہے ۔اگر ہمیں روکا گیا تو ہمارے پاس اور بھی راستے ہیں ۔ خرم دستگیر نے کہا کہ 13جولائی تاریخی دن ہو گا، ن لیگ کے کارکن عوام کی حاکمیت چاہتے ہیں۔ اگر ہمیں روکا گیا تو ہم رکاوٹیں توڑ کر ایئر پورٹ پہنچیں گے ۔ مشاہد حسین سید نے کہا کہ نواز شریف واپسی ہمارے لئے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے ۔ 6جولائی کا فیصلہ بد نیتی پر مبنی تھا۔ علاوہ ازیں بھلوال میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ نیب ملک کی خدمت کرنیوالوں کو ذلیل و خوار کر رہا ہے ۔ نواز شریف اپنی ذات کیلئے نہیں قوم کیلئے پاکستان آرہے ہیں ۔نواز شریف نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا ، ملک میں موٹر وے کا جال بچھایا اورلوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا ۔جس نے خدمت کی کیا اسے سزا ملنی چاہئے ؟ ۔ نواز شریف کیخلاف عدالت کا فیصلہ زیادتی پر مبنی ہے جسے قوم نے منظور نہیں کیا۔ میری 10 سالہ کارکردگی عوام کے سامنے ہے ، مجھ پر کرپشن کا ایک الزام بھی نہیں ثابت ہو سکا۔ عمران خان دن رات جھوٹ بولتے رہتے ہیں اور پشاور میں میٹرو بس پر 70ارب لگا دیئے ۔