لاہور (سٹاف رپورٹر،92 نیوزرپورٹ) سٹیرائیڈز اوردیگرادویات زیادہ دینے سے قائد مسلم لیگ ن نوازشریف کے جسم پر سوجن ہوگئی جس کے بعد ڈاکٹرطاہرشمسی کی خدمات دوبارہ حاصل کرلی گئیں اور وہ کراچی سے جاتی عمرہ پہنچ گئے ۔نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے کہا نیشنل بلڈ اینڈ بون میرو ڈیزیزز کراچی کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹرطاہر شمسی نے نوازشریف کا طبی معائنہ کرکے دواؤں کی ایڈجسٹمنٹ کی، ڈاکٹرطاہرشمسی نے نوازشریف کے ٹیسٹ دوبارہ کرانے کا بھی فیصلہ کیا ہے ،پروفیسر طاہرشمسی دوبارہ نوازشریف کا معائنہ کریں گے اور ٹیسٹ کا جائزہ لیں گے ،ڈاکٹرز کے مطابق مزید تاخیر کی قطعا گنجائش نہیں، ہر لمحہ خطرہ بڑھ رہا ہے ۔مانیٹرنگ ڈیسک کے مطابق شریف فیملی نے نوازشریف کوعلاج کیلئے لندن کی بجائے امریکہ لے جانے پر بھی غورشروع کردیا ہے ،ذرائع کے مطابق جان ہاپکنزسمیت امریکہ کے جدیدہسپتالوں میں نوازشریف کاعلاج کرانے کا جائزہ لیاجارہاہے ،ڈاکٹروں کی رائے ہے کہ نوازشریف کوجان بچانے کیلئے لندن نہیں امریکہ لے جایاجائے ،ان کی موجودہ تشویشناک طبی صورتحال کے پیش نظرلندن کے ہارلے سٹریٹ کلینک میں علاج مشکل ہے ،معالجین نے نوازشریف کیلئے ماس جنرل ہسپتال بوسٹن کی تجویز دی،دنیاکے نامورکلینیکل ہیماٹالوجسٹ ڈاکٹرڈیوکٹر ماس جنرل ہسپتال بوسٹن کے ڈائریکٹرہیں اور پلیٹ لیٹس کی کمی کے عارضہ کاجدید علاج وہاں میسرہے ،ڈاکٹرڈیوکٹرکوآئی ٹی پی کے عارضہ کا دنیامیں مستندمعالج ماناجاتاہے ،وہاں نوازشریف کولاحق امراض کا ایک چھت تلے علاج بھی ممکن ہے ۔