لاہور (سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک ) ن لیگ کے رکن پنجاب اسمبلی جلیل شرقپوری نے نواز شریف کا بیانیہ مسترد کر دیا۔سابق وزیراعظم کی طرف سے اے پی سی میں پاک فوج کے مخالف تقریر کرنے پرانہوں نے نواز شریف پر تنقید کرتے ہوئے کہا ان کی پاک فوج کیخلاف تقریر قومی مفاد کے سراسر خلاف ہے ۔مجھ سمیت محب الوطن پاکستانیوں کی کثیر تعداد ایسے منفی موقف سے اعلان برات کرتی ہے ، افواجِ پاکستان ملکی سلامتی کی خاطر سرحدوں پر اپنا تن، من، دھن قربان کرنے کو تیار ہیں،فوج پر نواز شریف کی جانب سے سیاسی معاملات میں مداخلت کا بیان دشمن کو مضبوط کرنے کے مترادف ہے ، لیگی قیادت نے اے پی سی کے فورم اور سوشل میڈیا کے ذریعے بھارت اور مودی کی زبان بولی، ایسے ملک دشمن بیانات سے میرا اور دیگر کئی لیگی ارکانِ کا کوئی تعلق نہیں۔دوسری جانب مسلم لیگ(ن)نے جلیل احمد شرقپوری کی رکنیت معطل کردی،راناثناء اللہ کی ہدایت پر اویس لغاری نے شوکاز نوٹس بھی جاری کرکے ایک ہفتے میں جواب طلب کرلیا،لیگی رہنماؤں نے کہا پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی قطعا قابل قبول نہیں،اگر میاں جلیل احمد شرقپوری نے سات روز میں جواب نہ دیا تو قانونی کاروائی کی جائے گی اور مسلم لیگ (ن)میاں جلیل کو اسمبلی نشست سے ڈی سیٹ کرنے کیلئے الیکشن کمیشن میں ریفرنس دائر کرے گی۔ میاں جلیل شرقپوری نے کہا پارٹی رکنیت معطل کرنے کا علم نہیں،شوکاز نوٹس ملے گا توجواب دوں گا۔