اسلام آباد،راولپنڈی(نامہ نگار،سٹاف رپورٹر، 92نیوزرپورٹ)نیب راولپنڈی نے سابق وزیراعظم نواز شریف کا نام سٹاپ لسٹ میں شامل کرنے کے لئے ڈی جی ایف آئی اے اور اشتہاری ہونے کے معاملے پر لاہور پولیس کو خطوط ارسال کر دیئے ۔ ذرائع نے نیب راولپنڈی کا خط موصول ہونے کی تصدیق کی ۔ خط میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف کے اشتہاری ہونے کا ریکارڈ امیگریشن سسٹم میں شامل کیا جائے ، ایف آئی اے ذرائع کا کہنا ہے نیب کے خط پر مکمل عملدرآمد کرایا جائے گا۔نواز شریف کے اشتہاری ہونے کے معاملے پر لاہور پولیس کو ارسال کئے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف کا اشتہار ہر تھانے میں ان کی تصویر کے ساتھ چسپاں اور رائے ونڈ میں ان کی رہائشگاہ کے باہر بھی لگایا جائے ، متعلقہ تھانے میں بھی وارنٹ گرفتاری کا سرکاری ریکارڈ میں اندراج کیاجائے ۔