اسلام آباد(نامہ نگار،خبر نگار خصوصی،نیوزایجنسیاں) سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سے سب جیل قرار پوزیشن لیڈر ہائوس میں ملاقات کی جس میں نیب کیسزاور مسلم لیگ ن کی آئندہ کی سیاسی حکمت عملی پر مشاورت کی گئی۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ روز منسٹرز انکلیو اسلام آباد میں واقع پوزیشن لیڈر کی رہائش گاہ پر ہونیوالی ملاقات کے دوران نواز شریف نے چھوٹے بھائی شہباز شریف کی خیرفت دریا فت کی او ر انکی صحت یا بی کیلئے دعا کی۔ اس موقع پر دونوں بھائیوں نے ملک کی موجودہ صورتحال،پارٹی امور اور قومی اسمبلی اجلاس سے متعلق حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا جبکہ دیگر اپوزیشن جماعتوں سے رابطوں پر بھی غور کیا ۔قبل ازیں ڈاکٹرز نے صبح 7 بجے منسٹرز انکلیو میں ہی شہباز شریف کا طبی معائنہ کیا۔ میڈیکل بورڈ نے معائنہ کے بعد شہباز شریف کو فٹ اور صحت مند قرار دیدیا۔ڈاکٹرز نے شہباز شریف کا بلڈ پریشر، ای سی جی ٹیسٹ کیا جبکہ معدے ، گردوں اور مثانے کا الٹرا ساؤنڈ کیا۔ شہباز شریف کے تمام ٹیسٹ نارمل نکلے ۔بعد ازاں شہباز شریف کا میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ نیب کو فراہم کر دیا گیا۔پہلے بھی پولی کلینک کے میڈیکل بورڈ نے شہباز شریف کا طبی معائنہ کیا تھا۔