کراچی (رپورٹ:ایس ایم امین) پیپلزپارٹی کی قیادت نے مسلم لیگ ن کے قائد اورسابق وزیراعظم میاں نوازشریف کو امراض قلب کے علاج کیلئے کراچی آنیکی دعوت دینے کا فیصلہ کرلیا،پی پی چیئرمین بلاول بھٹو آج جیل میں ملاقات کے دوران میاں نوازشریف کو علاج کراچی میں کرانے کی دعوت دیں گے ،حکومت سندھ نے متوقع میزبانی کیلئے انتظامات بھی مکمل کرلیے ، پیپلزپارٹی کے معتمد ترین ذرائع نے روزنامہ 92 نیوزکو بتایا کہ بلاول بھٹو سابق وزیراعظم سے ملک کی بدلتی سیاسی صورتحال پربھی بات چیت کریں گے اورانہیں بہترعلاج کیلئے کراچی کے اسپتال منتقل ہونیکی پیشکش کریں گے ،پیپلزپارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی میں امراض قلب کا بہترین اسپتال موجود ہے ،جہاں سیاستدانوں اورسرمایہ کاروں کا بھی علاج ہوچکا ہے ،ملک بھرسے لوگ امراض قلب کا علاج کراچی میں کرانے کو ترجیح دیتے ہیں اگرنوازشریف نے بلاول بھٹو کی پیشکش قبول کرلی تو پھرانکا علاج نیشنل انسٹیٹیوٹ آف کارڈیولوجی اینڈ کارڈیو ویسکیولرسرجری (این آئی سی وی ڈی) میں کیا جائیگا جس کیلئے سندھ حکومت نے ابتدائی انتظامات مکمل اورسینئرمعالجین سے مشاورت بھی کرلی ہے ۔بلاول بھٹو کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پی پی چیئرمین کی نوازشریف سے ملاقات کامقصد مزاج پرسی ہے ،حکومت کی جانب سے نوازشریف کو مطلوبہ طبی سہولیات فراہم نہ کرنا تشویشناک ہے ۔