لاہور(خصوصی رپورٹر)مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک اور نگران وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری کو خط لکھا ہے کہ اڈیالہ جیل میں بند نواز شریف کومناسب سہولیات دی جائیں، وہ اس ملک کے تین بار وزیر اعظم رہ چکے ہیں لیکن ان کے استحقاق کے مطابق سہولتیں نہیں دی جارہی ہیں۔خط کے مطابق نواز شریف کو دل کا عارضہ ہے ، انہیں ذاتی معالج کی طرف سے تواتر کیساتھ طبی معائنے اور ادویات کی فراہمی بھی یقینی بنانے کی درخواست کی گئی ہے ۔علاوہ ازیں مسلم لیگ (ن) کی انتخابی مہم ایک روز معطل رکھنے کے بعد گزشتہ روز ایک مرتبہ پھر زور و شور سے شروع ہو گئی۔ شہباز شریف نے لاہور سے اپنے انتخابی حلقے این اے 132کے مختلف علاقوں میں ریلیاں نکالیں جن میں فیروز پور روڈ بنک سٹاپ، یوحنا آباد، گجو متہ اور کاہنہ شامل ہیں۔ان ریلیوں سے خطاب میں شہباز شریف نے کہا نوازشریف کی اس ملک کیلئے بہت خدمات ہیں،آپ نے 25جولائی کو شیر کو ووٹ دیکر نواز شریف کو جتوانا ہے ۔سوات میں جلسہ عام سے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا نوازشریف اپنی بیماراہلیہ کو چھوڑ کر ملک واپس آئے ہیں، ان کو اس بات کا بخوبی علم تھا کہ وطن واپس آتے ہی انہیں جیل کی سلاخوں کے پیچھے بھیج دیا جائے گا ،اس کے باوجود وہ آپ کے اور میرے لئے وطن واپس آئے ،جس شخص نے ملک کو ایٹمی طاقت بنایا، سی پیک کا تحفہ دیا، بجلی کے منصوبے لگائے ،احتساب عدالت کے فیصلے کے صفحہ 171پر خود لکھا کہ نواز شریف کے خلاف کرپشن کا ایک ثبوت نہیں ملا، یہ فیصلہ مفروضوں کی بنیاد پرسنایا گیا ہے جو کہ زیادتی پر مبنی ہے ۔شہبازشریف آج علی پور چٹھہ، نوشہرہ ورکاں میں جلسہ سے خطاب کرینگے ۔