لاہور؍کراچی(سٹاف رپورٹرز)سابق وزیراعظم محمد نواز شریف 70برس کے ہو گئے ۔ سالگرہ کے دن کی مناسبت سے ملک بھرمیں مسلم لیگ(ن) کے کارکنان نے ان کی جلد صحت یابی اوردرازی عمرکی دعائیں مانگیں۔کراچی میں مختلف تقاریب کے علاوہ شاہراہ فیصل و دیگرمختلف شاہراہوں پرملکی ترقی اوراستحکام کے لئے ان کی خدمات کوسراہنے کے لئے پینا فلیکس کے علاوہ خیرمقدمی کیمپ قائم کئے گئے ۔مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے کہا ہے کہ پارٹی قائد نوازشریف کی سالگرہ پرپوری قوم اور پارٹی کارکنان کو مبارک دیتا ہوں ، نوازشریف قائد اعظم محمد علی جناح کے سچے سپاہی ہیں، قیام پاکستان کے مقاصد کے حصول کی جدوجہد میں نوازشریف کا کردار تاریخی اور ناقابل فراموش ہے ، نوازشریف نے پاکستان اور قوم کا سر کبھی جھکنے نہیں دیا،قوم سے درخواست کرتا ہوں کہ نوازشریف کی صحت کے لئے ہمیشہ کی طرح خصوصی دعائیں جاری رکھے ۔