اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ نوازشریف اور مریم نواز عوام کو جذباتی بلیک میل کر رہے ہیں ، مختلف سوچ و فکر کے لوگوں کیساتھ سیاست ہو سکتی ، مجرموں کے ساتھ نہیں ،میری والدہ کو کینسر تھا ، کلثوم نواز کی تکلیف سمجھتا ہوں،نیب کا 25 جولائی سے قبل گرفتاریاں نہ کرنے کے فیصلہ کی منطق سمجھ نہیں آئی ،نواز شریف صاحب !اڈیالہ جیل آپ کا انتظار کر رہی ہے ۔انہوںنے ان خیالات کا اظہار لیگ ن کے مرکزی رہنماء ظفر علی شاہ کی رہائش گاہ پر ان کی تحریک انصاف میں شمولیت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کس قانون کے تحت فیصلہ روکنے کا کہہ رہے ہیں،کیا جیلوں میں لاکھوں مجرموں کو بھی یہی رعایت دی جاتی ہے ، لوگوں کے ضمیر جاگ رہے ہیں ، ظفرعلی شاہ نے کبھی نوازشریف کا دفاع نہیں کیا، میں انہیں پی ٹی آئی میں شمولیت پر خوش آمدید کہتا ہوں ۔ چیئرمین تحریک انصاف نے مزید کہا کہ قوم کا پیسہ چوری کرکے ملک سے باہر بھیجا گیا، اربوں کی کرپشن پر پکڑے گئے سابق وزیراعظم جواب کیوں نہیں دیتے ، نیب نے کہا ہے کہ 25 جولائی تک کسی سیاستدان کو نہیں پکڑیں گے ، نوازشریف اخباروں میں اپنے خلاف فیصلہ پڑھیں گے ، ہم خود ملک کو بنانا ری پبلک بنارہے ہیں ، بڑے ڈاکو اسمبلی میں اورغریب جیل جاتا ہے ۔اس موقع پرظفرعلی شاہ نے کہا کہ پاکستان کومضبوط قیادت کی ضرورت ہے ، ملک کو عمران خان جیسے لیڈر کی ضرورت ہے ، عمران کی ہر محاذ پر حمایت کروں گا۔ انہوںنے این اے 53سے کاغذات واپس لینے کا بھی اعلان کیا۔ دریںاثناعمران خان انتخابی مہم کے سلسلے میں آج تیمر گرہ اور کبل گراؤنڈ سوات میں خطاب کرینگے ۔ ادھر عمران خان آج لاہور کا دورہ کریں گے اور ٹکٹ ہولڈرز کے اجلاس کی صدارت کریں گے ، انتخابی مہم کے حوالے سے لائحہ عمل بھی بنایا جائے گا۔چارسدہ (نمائندہ 92نیو ز) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ چوروں کومیچ کھیلنے دیں ،ہم ان کوپکڑ کرجیل میں ڈالیں گے ،نوازشریف کہہ رہے ہیںفیصلہ نہ دیں ،آپ قوم کے مجرم ہیں،رعایت کیوں دی جائے ؟شریفوں کی حکومت نے ملک پر قرضوں کا بوجھ 6 ہزار ارب سے بڑھا کر 27ہزار ارب کر دیا ، عوام کا اسفندیار کو ایزی لوڈ اور فضل الرحمان کو ڈیزل کہنا ان کی کرپشن کا ثبوت ہے ،25جولائی تقدیر بدلنے کا دن ہے ،عوام اپنے لیے باہر نکلیں،اقتدار میں آکر اداروں کومضبوط کریں گے ، دو سال میں 8ہزار ارب روپے اکٹھا کرکے دکھائوں گا ۔وہ چارسدہ میں بڑے جلسے سے خطاب کررہے تھے ۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ نوازشریف لیڈر نہیں انہیںضیا الحق نے لیڈربنایا، شہبازشریف کی تمام ترقی اشتہاروں میں ہے ، بارش ہوئی توانہیںپتہ چلا کہ اصل امپائراﷲ کی ذات ہے ۔ انہوںنے کہا کہ بلاول ایک کلومیٹرپیدل نہیںچلا اور وزیراعظم بننا چاہتا ہے ،اسفند یار ولی اور شیر پائو کے بیٹے بھی امیدوار ہیں، مریم نواز نے زندگی میں ایک گھنٹہ کام نہیں کیا، وہ بھی وزیراعظم بننا چاہتی ہیں،یہ کیسی جمہوریت ہے ؟جلسے سے این اے 24چارسدہ ٹو کے امید وار فضل محمد خان، پی کے 58کے امید وار سلطان محمد خان نے بھی خطاب کیا جبکہ قومی و صوبائی اسمبلیوں کے نامزد امید وار خالد خان مہمند ، عزیز اﷲ خان ، فضل شکور خان ،عارف احمد اور انور تاج بھی اس موقع پر موجود تھے ۔