لاہور(اپنے نیوز رپورٹر سے ،سٹاف رپورٹر)مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے مارچ میں نواز شریف کا علاج ہوجائے گا اورشہباز شریف مارچ کے آخر تک وطن واپس آکراپنا کردار اداکریں گے ۔انسداد منشیات عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہامنشیات فروشوں کو میرے خلاف بیان دینے پرمجبور کیا گیا ، ریکارڈ کیا گیا بیان ہمیں فراہم نہیں کیا گیا، ملک میں مہنگائی کا طوفان برپا ہے مگر حکومت کو مہنگائی کی فکر ہے نہ لوگوں کے چولہے بجھنے کی، حکومت نے عوام کو مہنگائی کے سوا کچھ نہیں دیا، بھرپور کوشش ہے اس سال مڈ ٹرم الیکشن ہوں،خواتین کو زندگی کے ہر شعبے میں مساوی حقوق ملنے چاہیئں، ہم ان کے ساتھ ہیں، عورت مارچ کا نعرہ متازع بنا دیا گیا ہے ، عورت مارچ ہونا چاہیے ، خواتین کو ان کا حق بھی ملنا چاہیے ۔رانا ثناء اللہ نے کہااسلام نے سب سے پہلے عورت کو حقوق دیئے ،بچیوں کو زندہ دفن کرنے کے وقت اسلام نے عورت کو وراثت کا حق دیا، میرا جسم میری مرضی کے پیچھے خواتین کی سوچ درست ہے ،چند لوگوں کی جانب سے میرا جسم میری مرضی کو کسی اور چیز سے منسوب کیا جا رہا ہے ، خواتین اس جملے کو مینیج کریں تاکہ لوگوں کو انکے خلاف جانے کا موقع نہ ملے ، اعتزاز احسن بتائیں عدلیہ کی بحالی کے لیے مزاحمت کی سیاست کس نے کی، جب نواز شریف ماڈل ٹاؤن سے نکلے تھے تب اعتزاز احسن اپنے گھر تھے اور بڑے جلوس کی اطلاع پر گھر سے نکلے ۔